Live Updates

الیکشن ٹربیونل کے فیصلوں نے ثابت کر دیا 2013کے انتخابات جعلی تھے، ثمر علی خان

عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے تنخواہیں لینے والے الیکشن کمیشن کے صوبائی اراکین فوری طور پر مستعفی ہو جائیں ، رہنماء پی ٹی آئی سندھ

جمعہ 28 اگست 2015 22:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سندھ اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ثمر علی خان نے کہا ہے کہ الیکشن ٹربیونل کے فیصلوں نے ثابت کر دیا کہ 2013کے انتخابات جعلی تھے۔ ان تینوں حلقوں کے فیصلے تحریک انصاف کے حق میں آنے سے تحریک انصاف کی الیکشن دھاندلی کے خلاف سیاسی جدوجہدکامیابی سے ہمکنار ہوا۔

مسلم لیگ ن کا مینڈیٹ جعلی ہے ، جمہوریت کے نام پر قابض حکمران عوام کے آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز اپنے حلقہ انتخاب پی ایس113کے مختلف علاقوں قیوم آباد، پنجاب کالونی ، نیلم کالونی کے دورے کے موقع پر پارٹی کارکنان اور علاقہ معززین سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر حلقہ این اے 250کے کو آرڈینیٹر افتخار فاروقی ، محمد سلیم ، فواد خان، جہانزیب خان، جاوید مسیح اور دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ثمر علی خان نے مزید کہا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے تنخواہیں لینے والے الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی اراکین فوری طور پر مستعفی ہو جائیں ۔الیکشن ٹربیونل کے فیصلوں کے بعد ان کی حیثیت مشکوک اور اپنے عہدوں پر مزید رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے۔ چیئر مین عمرا ن خان نے عوام کے ووٹ کے تحفظ کے لئے 126دن کا دھرنا دے کر جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ جب تک عوام کے ووٹ کو تحفظ نہیں ملے گا اس وقت تک حقیقی جمہوریت پاکستان میں قائم نہیں ہو سکتی ۔جمہوریت کے نام پر ملک میں شریف خاندان نے بادشاہت قائم کی ہوئی ہے۔ ن لیگ کے وفاقی وزراء درباری زبان استعمال کرنے سے گریز کریں ورنہ ہم بھی منہ میں زبان رکھتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات