پنجاب میں الیکشن ٹربیونلز کے ججوں کی مدت ملازمت میں توسیع کا تاحال فیصلہ نہ کیا جاسکا‘ ذرائع

الیکشن ٹربیونل لاہور کے جج جسٹس (ر) کاظم علی ملک نے زیر التواء انتخابی عذر داریاں سماعت کیلئے لاہور ہائیکورٹ بھجوا دیں

جمعہ 28 اگست 2015 21:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) الیکشن ٹربیونل لاہور کے جج جسٹس (ر) کاظم علی ملک نے زیر التواء انتخابی عذر داریاں سماعت کے لئے لاہور ہائیکورٹ بھجوا دیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں انتخابی عذرداریوں کی سماعت کرنیوالے لاہور ، فیصل آباد اور ملتان میں کام کرنے والے الیکشن ٹربیونلزکے ججوں کی مدت ملازمت میں تاحال توسیع کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو انتخابی عذرداریوں کی سماعت کیلئے عدالت عالیہ کے لاہور میں دو جج اور ایک جج ملتان میں مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے مگر تاحال ہائیکورٹ کی جانب سے بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت عالیہ میں پہلے ہی کیسوں کی تعداد بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے شاید جج تعینات نہ کئے جاسکیں دوسری جانب مدت ملازمت میں توسیع نہ ہونے کے باعث الیکشن ٹربیونل لاہور کے جج جسٹس (ر) کاظم علی ملک نے این اے 118، این اے 128، پی پی 150، پی پی 160اور پی پی 97سمیت 9کیسز سماعت کے لئے لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دیئے ہیں۔