بھارت کی آئے روز گولہ باری سے دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کا خطرہ پیدا ہو گیاہے ‘ سینیٹر سراج الحق

اگر عالمی قوتوں نے بھارت اور اسرائیل کی سرپرستی جاری رکھی تو عالمی امن خطرے میں پڑ جائے گا ‘ امیر جماعت اسلامی

جمعہ 28 اگست 2015 21:14

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ اگر عالمی قوتوں نے بھارت اور اسرائیل کی سرپرستی جاری رکھی تو عالمی امن خطرے میں پڑ جائے گا ، اسلام دنیا میں امن و آشتی اور محبت کا علمبردار ہے ،اسلام کی بنیادی تعلیمات انسانیت کی بھلائی کا درس دیتی ہیں ، حضرت محمد ؐ کا خطبہ حجۃ الوداع عالمی امن کا بہترین چارٹر ہے ، بھارت کی آئے روز گولہ باری سے دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کا خطرہ پیدا ہو گیاہے ، عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ کا فرض ہے کہ وہ بھارت کو اشتعال انگیزیوں سے روکے ۔

جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے ویلتھم ٹاؤن ہال لندن میں پاکستانیوں کے اجتماع اور اسلامک مشن سینٹر میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہاکہ دنیا بھر میں اس وقت مسلمانوں سے بڑھ کر کوئی مظلوم نہیں جنہیں گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہاہے اور الٹا انہی پر انتہا پسندی اور دہشتگردی کا الزام لگا دیا جاتاہے ۔

عالمی برادری کو عدل و انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف جاری امتیازی سلوک کو ختم کرناچاہیے اور انہیں بھی دیگر اقوام کی طرح امن و امان سے زندگی گزارنے کا موقع دیا جائے ۔ سراج الحق نے کہاکہ بھارت کی آئے روز ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ سے خطے کے امن کو شدید خطرہ پیدا ہوگیاہے ۔ درجنوں پاکستانی شہری شہید اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں لیکن عالمی طاقتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ مودی جیسے انتہاپسند ہندو کا وزیراعظم بن جانا خطے میں بدامنی کی سب سے بڑی وجہ ہے ۔ بھارت خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتاہے جبکہ امریکہ اور اسرائیل بھارتی جارحیت کی سرپرستی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ بھارت کو علاقے کا تھانیدار بناناچاہتا ہے لیکن پاکستان کسی قیمت پر بھارتی بالادستی کو قبول نہیں کرے گا ۔ انہو ں نے کہاکہ بھارت کو پاک چائنہ کوری ڈور منصوبہ ہضم نہیں ہورہا اور وہ ہر صورت اس ترقیاتی منصوبے کو روکنا چاہتاہے ۔ سراج الحق نے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی گولہ باری کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے شہدا کے لیے مغفرت ، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے ۔