شہید ذوالفقارعلی بھٹویونیورسٹی آف لاء میں پہلی ستمبر سے کلاسز کا آغازہوجائے گا،گورنرسندھ

یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلبہ وطالبات معیاری تعلیم و تحقیق کے حصول کے ساتھ قانون کے شعبے میں مثالی پروفیشنلز ثابت ہونگے، ڈاکٹرعشرت العبادخان

جمعہ 28 اگست 2015 21:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان نے اس بات پرمسرت کا اظہار کیاہے کہ ملک کی قانون کی تعلیم کی یونیورسٹی شہید ذوالفقارعلی بھٹویونیورسٹی آف لاء میں پہلی ستمبر سے کلاسز کا آغازہوجائے گا۔وہ گورنرہاؤس میں منعقدہ یونیورسٹی کی سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں صوبائی مشیر قانون مرتضےٰ وہاب،رکن صوبائی اسمبلی خورشید احمد جونیجو،پرنسپل سیکریٹری محمد حسین سید، مشیر اعلیٰ تعلیم سیدوجاھت علی اور دیگراراکین سینیٹ اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وائس چانسلر ڈاکٹر قاضی خالد علی نے اجلاس کی نظامت کرتے ہوئے لاء یونیورسٹی کی کارکردگی اورمستقبل کے پروگرام پر روشنی ڈالی۔گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس کے مستحکم قیام کے ساتھ صوبے کے تمام ڈویژنز میں اس کے کیمپسز قائم کرنے کی ھدایت کی۔

(جاری ہے)

انھوں نے داخلوں سمیت یونیورسٹی کے تمام امور میں میرٹ کو یقینی بنانے پر بھی زوردیا۔

انھوں نے یقین ظاہر کیا کہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلبہ وطالبات معیاری تعلیم و تحقیق کے حصول کے ساتھ قانون کے شعبے میں مثالی پروفیشنلز ثابت ہوں گے۔گورنرسندھ نے کہاکہ یونیورسٹی کی جانب سے تحقیقی شعبے پرتوجہ اور پی ایچ ڈی کے لئے پیش رفت مستحسن اقدام ہے۔ انھوں نے یونیورسٹی کے قیام اورقلیل مدت میں اسے فعال بنانے میں ڈاکٹر قاضی خالد علی کی کاوشوں کو سراہا۔

انھوں کہا کہ لاء یونیورسٹی کے ان کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں انہوں نے مثالی کردار ادا کیا۔ وائس چانسلر جسٹس(ر)قاضی خالدعلی نے بتایاکہ یونیورسٹی میں اب تک دوسو کے قریب داخلے ہوچکے ہیں جن میں 36 پی ایچ ڈی (قانون)کے امیدوارشامل ہیں۔گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اس بات کوبھی سراہا کہ اعلیٰ پایہ کے تعلیم یافتہ، رہٹائرڈ ججز سینئر قانون دان اوربیرون ملک(foreign)سے فارغ التحصیل نوجوان بیرسٹرز یونیورسٹی کی فیکلٹی میں شامل کئے گئے ہیں۔

اجلاس میں یونیورسٹی کے قیام کے معاملے پر بھی غور کیاگیا،مشیرقانون بیرسٹر مرتضےٰ وہاب نے اس ضمن میں وزیراعلیٰ اور اراکین کا بینہ سے مشاورت اور خوش اسلوبی سے معاملے کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پرملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز کو حکومتی قوانین وضوابط کے مطابق نافذ کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ اینڈومنٹ فنڈ ، پراویڈنٹ فنڈاور بینوولنٹ فنڈ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء کے تحت کراچی میں تین روزہ انٹرنیشنل لیگل ایجوکیشن کانفرنس منعقد کرنے کے فیصلے سے بھی اتفاق کیاگیا۔اس ضمن میں حکومتی سطح پر بھرپور تعاون کا عندیہ دیاگیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر قاضی خالد علی نے یونیورسٹی کے قیام اور منصوبے کو عملی صورت دینے میں گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان، وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ اور متعلقہ حکام کے تعاون کو مثالی قراردیا اور ان کا شکریہ اداکیا۔

متعلقہ عنوان :