محکمہ صحت پنجاب گلگت بلتستان کے شعبہ صحت کے انفراسٹرکچر کو ترقی دینے میں مدد کرے گا

وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کی چیف سیکرٹری جی بی کو یقین دہانی

جمعہ 28 اگست 2015 21:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبائی حکومت گلگت بلتستان کے ہیلتھ سیکٹر کی ڈویلپمنٹ کے لئے بھرپور تعاون فراہم کرے گی اور محکمہ صحت پنجاب گلگت بلتستان کے ہسپتالوں کے انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈکس کی تربیت کا جامع پروگرام شروع کرے گا،گزشتہ دنوں گورنر اور وزیر اعلی گلگت بلتستان نے وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات میں صحت کے شعبہ کی ترقی کے لئے پنجاب سے تعاون فراہم کرنے کو کہا تھا جس پر وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اس سلسلہ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا ئی تھی۔

وہ جمعہ کو سول سیکرٹریٹ میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان طاہر حسین سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

جنہوں نے ایک وفد کے ہمراہ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات کی۔اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ پنجاب جواد رفیق ملک، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز ، سیکرٹری ہیلتھ گلگت بلتستان رشید علی ، محکمہ صحت گلگت بلتستان اور پنجاب کے محکمہ صحت کے سینئرافسران بھی موجود تھے۔

چیف سیکرٹری نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے ہیلتھ انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ اور افرادی قوت کی کپسٹی بلڈنگ کے معاملات کو حل کرنے کے لئے حکومت پنجاب کا تعاون درکار ہے ۔ سیکرٹری ہیلتھ رشید علی نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں نرسنگ اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لئے سکول قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔مزید برآں ہیلتھ سینٹرز اور ہسپتال کم ہیں اور جدید طبی آلات اور سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی ہسپتالوں میں اشد ضرورت ہے۔

چیف سیکرٹری طاہر حسین نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب میں صحت کے شعبہ میں بہت ترقی ہوئی ہے اور محکمہ صحت پنجاب کے تجربہ اور طبی ماہرین کی قابلیت سے صوبہ گلگت بلتستان استفادہ کرنے کا خواہشمند ہے ۔سیکرٹری ہیلتھ پنجاب جواد رفیق ملک نے کہا کہ محکمہ صحت گلگت بلتستان کے پیشنٹ کیئر اور ہیلتھ ڈلیوری سسٹم کو ترقی دینے کے لئے اپنے ماہرین بھیجے گا اور حکومت پنجاب ایک مکمل پیکج گلگت بلتستان کے لئے تیار کر کے وزیر اعلی محمد شہباز شریف سے اس کی منطوری لے گی۔

انہوں نے کہا کہ ا س سے پہلے مذکورہ صوبے کی ضروریات کا اندازہ لگانا ضروری ہے ۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان کے محکمہ صحت کے حکام کے ساتھ مل کر ان کے دستیاب وسائل اور ضروریات کی ایک مکمل فہرست تیار کر لی جائے تا کہ مسنگ سہولیات ، طبی آلات ، ہسپتالوں کی عمارات کی صورتحال اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی مکمل تصویر سامنے آجائے جس سے ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی ۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق گلگت بلتستان کے ہیلتھ سیکٹر کو ترقی دینے کے لئے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب نرسنگ اینڈ پیرا میڈکس سکول قائم کرنے میں گلگت بلتستان کی مدد کرے گا تا کہ نرسز اور پیرا میڈکس کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی کپسٹی بلڈنگ، سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی ٹریننگ، ہسپتالوں میں طبی آلات کی فراہمی کے لئے ایک جامع پیکج تیار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب گلگت بلتستان میں ایک ماڈل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال تیار کر کے دے گی۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز نے کہا کہ جونہی گلگت بلتستان کے محکمہ صحت کی جانب سے مکمل اعداد و شمار محکمہ صحت پنجاب کو ملیں گے فوری طور پر ضروریات کا تخمینہ لگا کر سفارشات تیار کر کے صرف چند دن کے اندر مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو پیش کر دی جائیں گی۔ سیکرٹری گلگت بلتستان نے فراخدلانہ تعاون فراہم کرنے پر مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :