مون سون شجر کاری مہم کو مزید تیزکی جائے، دسمبر کے آخر تک90لاکھ پودے لگانے کا ہدف پورا کیا جائے

صوبائی وزیر جنگلات ملک محمد آصف کی وزارت کے حکام کو ہدایت

جمعہ 28 اگست 2015 21:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء)صوبائی وزیر جنگلات ، جنگلی حیات وماہی پروری ملک محمد آصف اعوان نے محکمہ کے تمام افسران کو مون سون شجر کاری مہم کو مزید تیز کرنے اور 90لاکھ پودے لگانے کا ہدف 31دسمبر تک ہر صورت پورا کرنے کی ہدایت کی ہے۔وہ جمعہ کو اپنے دفتر میں مون سون شجر کاری مہم 2015کے حوالے سے منعقدہ ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر محکمہ جنگلات کے تمام اعلیٰ حکام موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ہر شہری کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا اور اس مہم کوکامیاب بنانے میں حکومتی کاوشوں میں اس کا ہاتھ ہٹانا ہوگا۔ ملک محمد آصف اعوان کو بتایا گیا کہ اگست2015کے دوسرے ہفتے سے جاری مون سون شجر کاری مہم کے دوران اب تک 6لاکھ 42ہزار پودے لگائے جاچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا کہ سرکاری جنگلات پر37لاکھ 50ہزارپودے لگائے جائیں گے جبکہ اب تک 2لاکھ 22ہزار پودے لگائے جاچکے ہیں۔ محکمہ جنگلات کے علاوہ سرکاری دفاتراراضی پر6لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیاہے جبکہ اب تک 7ہزار پودے لگائے گئے ہیں۔ڈیفنس کے اداروں نے 4لاکھ پودے لگائے تھے اور اب تک ایک لاکھ 64ہزارپودے لگائے گئے ہیں۔ پرائیویٹ زمینوں اور اداروں کے لیے 42لاکھ 90ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیاہے جبکہ اب تک2لاکھ 49ہزار پودے لگائے جاچکے ہیں۔

صوبائی وزیرجنگلات نے کہا کہ صوبہ بھر میں قائم محکمہ جنگلات کی191نرسریوں میں پودے وافر تعداد میں موجود ہیں اور متعلقہ ڈویژنل فارسٹ افسران سے رابطہ کر کے ارزاں نرخوں پر حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ تعلیم، صحت اور ڈیفنس کے اداروں کو پودے مفت دئیے جارہے ہیں۔