بورے والا ،با اثر افراد نے محنت کش کی بیوی اغوا کر لی، متاثرہ شخص کا آئی جی سے مغویہ کی بازیابی کا مطالبہ

جمعہ 28 اگست 2015 21:03

بورے والا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) بورے والا میں با اثر افراد نے محنت کش کی بیوی اغوا کر لی اور پنچائت میں واپسی کا وعدہ کر کے مکر گئے، پولیس نے بھی ملزمان سے ساز باز کر لیا،متاثرہ شخص نے آئی جی پنجاب سے ملزمان کی گرفتاری اور مغویہ کی برآمدگی کا مطالبہ کر دیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو غریب محنت کش ندیم اخترنے محمد اکرم ،مختار احمد بھٹی کے ہمراہ بتایا کہ بورے والا کے نواحی چک نمر 307ای بی کے رہائشی ڈوگر برادری کے با اثر افراد محمد اکمل ،مختار ،نور وغیرہ نے دو ماہ قبل ساہیوال کے چک نمبر 79/5.R سے اس کی بیوی مسماۃ ملکہ بی بی کو گھر سے نقدی رقم اور طلائی زیورات سمیت زبردستی کار میں ڈال لیا اور اغوا کر کے بورے والا میں لے آئے ۔

پنچائتی طور پر ملزمان نے مغویہ کو واپس کرنے کا وعدہ کیا مگر ابھی تک واپس نہ کیا ۔ملزمان کے خلاف تھانہ فتح شیر ساہیوال میں مقدمہ بھی درج ہے ملزمان بااثر ہونے کی وجہ سے ڈی پی او ساہیوال کے حکم کے با وجود پولیس نے ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا ہے۔انہوں نے وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے اُس کی بیوی ملکہ بی بی کو بر آمد کیا جائے انہیں خدشہ ہے کے ملزمان اپنا جرم چھپانے کے لئے اسے قتل کر دیں گے۔

متعلقہ عنوان :