مائیکروسافٹ کمپنی اور خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ کے درمیان شراکت اورتعاون کے مختلف مواقع اور امکانات پر تفصیلی غور و خوض

جمعہ 28 اگست 2015 20:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء)بین الاقوامی آئی ٹی کمپنی مائیکرو سافٹ خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ کی شراکت سے پشاور میں مائیکرو سافٹ انوویشن سنٹرMicrosoft Innovation Centerکے قیام پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔یہ بات جمعہ کے روز پشاور میں مائیکرو سافٹ کمپنی کے وفد اور محکمہ سائنس ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اعلیٰ حکام کے ایک اجلاس میں بتائی گئی۔

سیکرٹری ایس ٹی اینڈ آئی ٹی سید ظفر علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں صوبے میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے مائیکرو سافٹ کمپنی،سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ اور خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ کے درمیان شراکت اورتعاون کے مختلف مواقع اور امکانات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

(جاری ہے)

مائیکرو سافٹ کمپنی کے وفد کی قیادت مائیکر سافٹ پاکستان کے کنٹری مینجر ندیم احمد ملک کر رہے تھے۔

اجلاس میں دانشورانہ املاک کے حقوق یعنیIntellectual Property Rights(IPR)کے سلسلے میں بھی صوبائی حکومت اور مائیکرو سافٹ کے درمیان تعاون اور شراکت کار سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیاکہ صوبے میں نوجوان طبقے اور نجی شعبے کی صنعتوں کو آئی ٹی کی زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے روڈ میپ تیار کیا جائے گا۔مائیکرو سافٹ کے وفد نے صوبائی حکومت کو ای گورننس کے فروغ کے لیے بھی ہر قسم کے تعاون اور شراکت کار کایقین دلایا۔