بجلی کی قیمت میں 30فیصد اضافہ ظالمانہ قدم ہے ،اکرم آگریا

کے الیکٹرک پاور جنریشن کی ایک ڈسکو کمپنی ہے جس کا منافع 100فیصد ہے،رہنما پاسبان کراچی

جمعہ 28 اگست 2015 20:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) پاسبان کراچی کے رہنما اکرم آگریا نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں 30فیصد اضافہ ایک ظالمانہ قدم ہے ۔ کراچی کے شہریوں کیلئے بجلی کی قیمت میں اضانے کے خلاف پاسبان کے تحت لی مارکیٹ حب چوکی بس اسٹاپ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں پاسبان لیاری کے رہنما عابد بلوچ ، امجد بلوچ، اختر قریشی ، عمر بلوچ ، صابر شاہ ، سلیم پٹھان و دیگر نے شرکت کی ۔

اکرم آگریا نے کہا کہ کے الیکٹرک پاور جنریشن کی ایکDisco کمپنی ہے جس کا منافع اس وقت تقریباَ 100فیصد ہے۔ کے الیکٹرک بجلی کی جو پیدواری لاگت ہے اس سے دگنی قیمت پر صارفین کو فروخت کی جارہی ہے لہٰذا وزارت پانی و بجلی کو یہ مشورہ ہے کہ سبسڈی میں کٹوتی کو قیمت فروخت میں ایڈجسٹ کیا جائے یعنی سبسڈی میں کٹوتی کو ٹیرف میں ایڈجسٹ کیا جائے تاکہ صارفین کو مالی بوجھ سے بچایا جاسکے جو کہ مہنگائی کے سبب پہلے ہی یشان حال ہیں ، عوام کو مزید غربت کی لکیر کے نیچے نہ دھکیلا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے علاوہ بوگس بلنگ کے ذریعے بھی کراچی کے شہریوں سے اربوں روپے بٹور رہی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات ضروریات زندگی کے استعمال کی ہرشے باالخصوص اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر پڑتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کی تباہی کا سبب کرپشن کا ناسور ہے ۔صوبائی و وفاقی حکمرانوں ان کے وزیر وں اور مشیروں کے اللے تللے ،چند ”اہم شخصیات“ کی حفاظت کیلئے اربوں روپے لاگت سے آئے دن خریدی جانے والی بلٹ پروف گاڑیاں قومی خزانے پر بوجھ ہیں جس کو عوام کا خون نچوڑ کر پورا کیا جاتا ہے۔

پاسبان رہنماؤں نے وفاقی وزیرپانی و بجلی سے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کے بھاری منافع خوری کی تحقیقات کی جائے اور بجلی کی قیمت میں 30 فیصد اضافے کے فیصلے کو فی الفورواپس لیا جائے `

متعلقہ عنوان :