سی ڈی اے شعبہ ایڈمن کی عدم دلچسپی و نااہلی، گیارہ سو افسران کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل سست روی کا شکار

نیب کے بار بار نوٹس کے باوجود تاحال صرف 484 افسران نے کاپیاں جمع کروائیں 10 ستمبر تک اسناد جمع نہ کرانیوالے افسران کو اکتوبر کی تنخواہ نہیں دی جائے گی،ترجمان سی ڈی اے

جمعہ 28 اگست 2015 20:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے ) کے شعبہ ایڈمن کی عدم دلچسپی اور نااہلی کے باعث گیارہ سو افسران کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کا عمل سست روی کا شکار ، نیب کے بار بار نوٹس لینے کے باوجود تاحال صرف 484 افسران نے کاپیاں جمع کروائی ہیں دس ستمبر تک اسناد جمع نہ کرانے والے افسران کو اکتوبر کی تنخواہ نہیں دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

سی ڈی اے ذرائع نے آن لائن کو بتایا ہے کہ سی ڈی اے میں ڈگریو ں کی تصدیق کا عمل تین سال قبل شروع کیا گیا تھا تاہم ڈھائی سال تک سی ڈی اے کے شعبہ ایڈمن کی جانب سے عدم دلچسپی کے باعث یہ عمل مکمل نہ کیاجاسکا جبکہ چھ ماہ قبل نیب کی جانب سے نوٹس لیئے جانے کے بعد سی ڈی اے انتظامیہ نے ایک مرتبہ پھر اسناد کی تصدیق کا عمل شروع کیا تاہم بار بار نوٹس کے باوجود گریڈ سولہ اور اس کے اوپر کے گیارہ سو افسران میں سے صرف 484افسران نے تاحال اپنی اسناد تصدیق کیلئے جمع کروائی ہیں جبکہ بقیہ افسران نے تاحال اپنی اسناد تصدیق کیلئے جمع نہیں کروائیں اسی ذرائع نے آن لائن کو مزید بتایا کہ اسناد کی کاپیاں جمع نہ کروانے والے افسران کی ڈگریاں مشکوک ہیں اس حوالے سے آن لائن نے موقف جاننے کیلئے جب ترجمان سی ڈی اے رمضان ساجد سے رابطہ کیا تو انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے شعبہ اکاؤنٹس کو لیٹر جاری کردیا گیا ہے کہ دس ستمبر تک اسناد کی کاپیاں جمع نہ کروانے والے سی ڈی اے افسران کی تنخواہیں روک لی جائیں جس کے نتیجے میں ایسے افسران کو اکتوبر کی تنخواہ نہیں دی جائے گی یاد رہے کہ سی ڈی اے میں گیارہ سو افسران سمیت سولہ ہزار نان گزیٹڈ ملازمین بھی موجود ہیں اور اس بات کا قوی امکان ظاہر کیا جاتا ہے کہ چار ہزار سے زائد ملازمین کی اسناد جعلی ہیں

متعلقہ عنوان :