مسئلہ کشمیر سے انکار بھارت کی عجیب منطق ہے : وزیر داخلہ چوہدری نثار

muhammad ali محمد علی جمعہ 28 اگست 2015 19:58

لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 28 اگست 2015 ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر سے انکار بھارت کی عجیب منطق ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی لندن میں برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں برطانوی فارن آفس کے ارکان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر برطانوی وزیر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاک بھارت مذاکرات میں پیدا ہونے والا حالیہ تعطل تشویش ناک ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سے انکار بھارت کی عجیب منطق ہے۔ بھارت چاہتا ہے کہ کشمیری رہنماوَں اور کشمیری عوام کا نام ہی نہ لیا جائے۔ کشمیر کے مسئلے کو مذاکرات کا حصہ بنائے بغیر مذاکرات کا عمل آگے بڑھنا ممکن نہیں ہے۔ اس حوالے سے بھارت کی منطق پاکستان کیلئے ناقابل قبول ہے۔ خطے میں کسی ایک ملک کی اجارہ داری یا تسلط قبول نہیں کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان عمل کیلئے راہ ہموار کی تاہم عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کے کردار کو سراہا نہیں گیا۔