تحریک انصاف نے خود غرضوں ،مفاد پرستوں کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا ہے ،محمود خان

تحریک انصاف حکومت صوبے کے عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے کوشاں ،فرسودہ سیاست کا خاتمہ کر دیا گیاہے، وزیر آبپاشی خیبرپختونخوا

جمعہ 28 اگست 2015 19:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صوبے کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے کوشاں ہے جبکہ صوبے سے فرسودہ سیاست کا خاتمہ کر دیا گیاہے۔ صوبے میں سب سے بڑی تبدیلی یہ آئی ہے کہ اب نوکریاں نہیں بکتی نہ ہی اپنوں کو نوازہ جاتا ہے۔ تحریک انصاف نے خود غرضوں اور مفاد پرستوں کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا ہے لہذا اب لوگوں کے کام پیسوں پر نہیں بلکہ شفاف نظام اور میرٹ کی پالیسی کے تحت ہوتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے مٹہ ٹو بہا الیکٹرک فیڈر کے افتتاح کے موقع پر مٹہ چپریال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک محب اﷲ خان، ضلعی کونسل بہادر خان، رشید عالم خان، ابراہیم لالا جی اور غلام بہادر خان نے بھی خطاب کیا جبکہ اس تقریب میں ضلعی کونسلر تحصیل کونسلر کے علاوہ تحصیل مٹہ کے لئے نامزد تحصیل ناظم عبداﷲ خان اور دیگر معززین علاقہ و عوام بھی کثیر تعداد میں موجود تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یہ فیڈر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ اور اس سے چار یونین کونسلوں برتھانہ، چپریال، گوالیئری اور بیہا کے لاکھوں باشندوں کو بجلی کے کم وولٹیج اور اوور لوڈنگ کے سلسلے میں درپیش مشکلات مستقل بنیادوں پر ختم ہوجائیں گی۔ محمود خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عام آدمی کو با اختیار بنانے اور حکومت کو روزمرہ کی بنیاد پر جواب دہ بنانے کے لئے معلومات تک رسائی کے قانون سمیت کئی ایک ایسے قوانین لاگو کئے جن کے تحت عام شہری بھی یہ جان سکے کہ سرکاری سطح پر عوامی وسائل کا استعمال کس طرح سے کیا جا رہا ہے اور سرکاری طور پر بھرتیاں خالصتاََ میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں یا نہیں وزیر اعلیٰ سمیت تمام صوبائی وزراء و مشیروں کے دفاتر کے اخراجات کیا ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ معلومات تک رسائی ہر پاکستانی کا حق ہے محمود خان نے کہا کہ سرکاری خزانہ حکمرانوں کا نہیں عوام کی ملکیت ہے۔ اور عوام کوان کے وسائل کے استعمال اور خزانے کی ایک ایک پائی کے خرچ سے تمام تر معلومات ہونی چاہیے انھوں نے کہا کہ بد قسمتی سے گزشتہ ادوار میں حکمرانوں نے سرکاری وسائل کو اپنی جیبوں کو بھرنے اور ذاتی اغراض و مقاصد کے لئے بے دردی سے خرچ کیا تھا موجودہ صوبائی حکومت نے ان فرسودہ روایات کا خاتمہ کر کے عوامی وسائل کو صرف عوام کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال میں لایا گیاہے۔

محمود خان نے کہا کہ موجودہ حکومت ملاکنڈ ڈویژن میں بلخصوص ضلع سوات میں کم وولٹیج اور اوور لوڈنگ کے خاتمے کے مستقل بنیادوں پر خاتمے کے لئے 220 KV ہیوی گرڈ سٹیشن چکدرہ کے مقام پر قیام عمل میں لارہے ہیں جس کے لئے50 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے اراضی بھی خرید لی گئی ہے۔ انھوں نے بعض مفاد پرست اور شکست خوردہ سیاستدانوں کو مناظرے کا چیلنج دیا ہے کہ مٹہ بہا فیڈر کو صوبائی حکومت نے 2013ء میں منظور کیا تھا۔

اس وقت عوام کے مسترد سیاستدانوں کے پاس کوئی عہدہ بھی نہیں تھا اور اس کی تکمیل جون 2014 ء میں ہونی تھی مگر واپڈا کی نا اہلی کی وجہ سے آج اس کا افتتاح 2015 ء میں کیا گیا ہے ۔ انھوں نے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے تعمیراتی کام جاری ہے جن میں سڑکوں ،پلوں ،طبی و تعلیمی اداروں، پینے کے لئے صاف پانی کی فراہمی ، سیلاب سے بچاؤ کے لئے حفاظتی پشتے وغیرہ کے منصوبے شامل ہیں ۔

صوبائی وزیر نے حلقہ PK-84 مٹہ سوات میں تمام بجلی کی بوسیدہ اور پرانی تاروں و بجلی کے کھمبوں کو تبدیل کرنے کی بھی یقین دھانی کرائی۔ انشاء اﷲ ان منصوبوں کی تکمیل سے سابقہ محرومیوں کا ازالہ ہونے کے ساتھ ساتھ معا شی خوشحالی اور ترقی کا انقلاب برپا ہوگا قبل ازیں انھوں نے تختی کی نقاب کشائی کر کے فیڈر میں بجلی کی ترسیل کا باقائدہ افتتاح کیا۔