بینک آف خیبر نے 2015کے پہلے 6ماہ میں 71کروڑروپے سے زائد کامنافع بعد از ٹیکس کمایا

جمعہ 28 اگست 2015 19:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء)بینک آف خیبر نے 30جون2015کو ختم ہونے والی سال رواں کی پہلی ششماہی میں 71کروڑ روپے سے زائد کا منافع بعد از ٹیکس کمایا جو کہ گزشتہ سال کے اسی مدت کے دوران کمائے گئے بعد از ٹیکس منافع 63کروڑ37لاکھ روپے سے 12 فیصد سے زیادہ ہے پہلی ششماہی کے مالیاتی نتائج صوبہ خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ڈاکٹر حماد اویس آغا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تفصیلاََ جائزہ کے بعد منظور کئے گئے اجلاس میں بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر شمس القیوم صوبہ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری مالیات احمد حنیف اورکزئی ، اراکین بورڈ مقصود اسماعیل احمد ، راشد علی خان اور اسد محمد اقبال نے شرکت کی بورڈ نے بینک کی کارکردگی اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور بینک کے تمام شعبہ جات میں مسلسل کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید محنت اور لگن سے کام کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

بورڈ کو بتایا گیا کہ سال رواں کی پہلی ششماہی میں بینک کا آپریٹنگ منافع1ارب 60کروڑ روپے سے زیادہ ہے جو کہ سال 2014 کی اسی مدت کے دوران کمائے گئے 98کروڑ76لاکھ روپے سے 63فیصد زیادہ ہے ۔بورڈ کو بتایا گیا کہ بینک آف خیبر کے کل اثاثہ جات 30جون 2015 کو 1کھرب42 ارب45کروڑ روپے سے زیادہ ہیں جو کہ 2014کی اسی مدت کے 1کھرب 8ارب روپے سے 32فیصد زیاد ہ ہیں اسی طرح 30جون2015تک بینک نے کل 82ارب68کروڑ کی سرمایہ کاری کی ہے جو کہ سال2014کی اسی مدت کے دوران کی گئی 53ارب36کروڑ سے 55فیصد زیادہ ہے اس موقع پر بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر حماد اویس آغا نے انتظامیہ کی مسلسل مثبت کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کے سٹیٹ بینک پاکستان کی جانب سے سال2015میں شاخوں کے قیام کی اجازت پر بطریق احسن عمل کرتے ہوئے شاخوں کے قیام کو بروقت ممکن بنایا جائے تا کہ بینک کے دائرہ کار میں مزید وسعت سے بینک کی خدمات اور سہولیات سے زیادہ سے زیادہ صارفین مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے مزید کہا اسی طرح محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے ہم صوبہ خیبر پختونخوا میں بالخصوص اور وطن عزیز میں بالعموم اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سال رواں کے پہلے 6ماہ میں 71کروڑ روپے سے زائد کابعد از ٹیکس منافع بینک آف خیبر پر صارفین کے اعتماد کا مظہر ہے۔