شاہ سلمان 4 ستمبر کو وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے

دورے کے دوران شام اور یمن کی صورتحال زیر بحث آئے گی،امریکی محکمہ خارجہ

جمعہ 28 اگست 2015 19:41

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) امریکی وائٹ ہاؤس نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ صدر براک اوباما سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات چار ستمبر کو واشنگٹن میں ہو گی۔

(جاری ہے)

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے امریکی صدر کے خصوصی طیارے 'ائر فورس ون' پر صحافیوں سے کو بتایا کہ صدر براک اوباما اور سعودی فرمانروا مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو مزید تقویت دینے سے متعلق بھی گفتگو کی جائے گی۔شام اور یمن کی صورتحال بھی دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں زیر بحث آئے گی۔ نیز خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والی ایرانی کوششوں کو غیر مؤثر کرنے کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اقتدار سنبھالنے کے بعد شاہ سلمان کا یہ پہلا دورہ امریکا ہو گا۔