تحریک جعفریہ کے بانی مفتی جعفرحسین مرحوم کی 31 ویں برسی آج منائی جارہی ہے، کربلا گامے شاہ میں تنظیم شیعہ شہریان لاہور کے زیر اہتمام تقریب سے علامہ ساجد نقوی، لیاقت بلوچ، مولانا وقارالحسنین نقوی خطاب کریں گے

جمعہ 28 اگست 2015 19:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء ) تحریک جعفریہ پاکستان کے بانی مفتی جعفرحسین مرحوم کی 31 ویں برسی آج( ہفتہ ) کو منائی جارہی ہے۔ مرحوم قائد ملت جعفریہ کی دینی اور ملی خد مات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے شیعہ علما کونسل، اسلامی تحریک ، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اوردیگر جماعتوں کے زیر اہتمام ملک بھر میں سیمینار ز اور کانفرنسیں منعقد ہوں گی۔

جن سے مقررین خطاب کریں گے۔ کربلا گامے شاہ بیرون بھاٹی گیٹ میں تنظیم شیعہ شہریان لاہور کے زیر اہتمام مفتی جعفرحسین مرحوم کی برسی کے موقع پر قا ئد ملت جعفریہ علامہ ساجد علی نقوی، لیاقت بلوچ، مولانا وقارالحسنین نقوی،مولا نامشتاق ہمدانی،مولانا حسن رضا قمی، شہباز حیدر نقوی اور دیگر قائدین خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مفتی جعفرحسین مرحوم نے امیر المومنین حضرت علی علیہ السلا م کے خطبا ت اور فرامین پر مشتمل شہرہ آفاق کتاب نہج البلاغہ کا اردو ترجمہ کیا۔

وہ جامعہ جعفریہ جی ٹی روڈ گوجرانوالہ کے پرنسپل بھی تھے۔ سادہ زندگی بسر کرنے والے بزرگ عالم دین مفتی جعفرحسین نے شیعہ حقوق کے لئے جنر ل ضیاالحق کی مارشل لا کے دوران کرنسی پر ذکوٰۃ اور دینیات کے مسئلے پر تحریک چلائی اور حکومت کے اسلام نافذ کرنے کے اقدامات میں مکتب اہل بیت کی تعبیرات کو بھی شامل کرانے کے لئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستا ن کی بنیاد رکھی۔

30۔ اگست 1983ء کو مفتی جعفرحسین کی وفات کے بعد فروری 1984ء میں علامہ عارف حسین الحسینی کو قائد ملت جعفریہ منتخب کیا گیا۔ 5۔ اگست 1988ء کو جامعہ معارف الاسلامیہ پشاور میں ان کی شہادت کے بعداس وقت تحریک جعفریہ کے سینیر نائب صدر علامہ ساجد علی نقوی کو قائد ملت جعفریہ منتخب کیا گیا۔ اس طرح ان کی قیادت کو 27۔ سال ہونے والے ہیں۔