کچھ قوتیں نہیں چاہتیں سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت مزید قائم رہے،نثار احمد کھوڑو

اگر ماضی کی روش کو دہرانے کی کوشش کی گئی تو نتائج خراب نکلیں گے،پیپلزپارٹی کرپشن کی حامی نہیں ہے ،وزیر اطلاعات سندھ

جمعہ 28 اگست 2015 17:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء سندھ کے سنیئر وزیر اطلاعات نثاراحمد کھوڑو نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں نہیں چاہتیں کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت مزید قائم رہے۔ اگر ماضی کی روش کو دہرانے کی کوشش کی گئی تو نتائج خراب نکلیں گے۔جمعہ کوجاری اپنے بیان میں وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کرپشن کی حامی نہیں ہے۔ صرف سندھ میں کرپشن کا تاثر دیناغلط ہے اگر یہ تاثر دینے والے نظر گھمائیں تو فرشتے دوسرے بھی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف کاروائیاں دیگر صوبوں میں بھی ہونی چاہیے۔ سندھ میں کرپشن پر کارروائی کرنے اور کرپشن کے خاتمے کے لیے صوبے میں اینٹی کرپشن کا ادارہ موجود ہے جوکہ کارروائیاں کررہاہے۔ صوبائی اداروں کے ہوتے ہوئے وفاقی اداروں کی کاروائیاں صوبائی خود مختاری کے خلاف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ کو نشانہ بنانا بند کیا جائے اگر پیپلز پارٹی کو سیاسی اور ہر میدان میں جدوجہد کی سربراہی کی سزا دی جارہی ہے تو پیپلز پارٹی گھبرانے والی نہیں ہے اوریہ جدوجہد پیپلزپارٹی کے لیے نئی نہیں ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ اب وزیر اعظم میاں نواز شریف کیلئے امتحان ہے کہ وہ اپنے بھائی کی حکومت میں کب ہاتھ ڈالتے ہیں؟۔ہم چاہتے ہیں کہ احتساب سب ہوناچاہیئے اور بلاتفریق ہونا چاہیے۔