Live Updates

پنجاب میں گیس سے00 36میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگائے جائیں گے، وزیراعظم کی قیادت میں توانائی منصوبوں پر عملدر آمد کیلئے جنگی حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے، وفاقی حکومت پنجاب میں گیس سے 2400میگاواٹ اور پنجاب حکومت اپنے وسائل سے 1200میگاواٹ کے کارخانے لگائے گی،چین کے تعاون پرمبنی توانائی کے منصوبوں پر دن رات کام کر کے انہیں تیزرفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، بجلی کی قلت پر قابو پانے کیلئے ہر قدم اٹھایا جارہا ہے، 2017ء تک توانائی کے کئی منصوبے بجلی پیدا کررہے ہوں گے

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی چین کی توانائی کی کمپنی کے اعلی حکام سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 28 اگست 2015 17:30

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے بجلی کے منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام کیا جارہا ہے اوراس ضمن میں وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں توانائی منصوبوں پر عملدر آمد کیلئے جنگی حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے اوربجلی کی قلت کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جارہا ہے۔

وہ جمعہ کو یہاں چین کی توانائی کی کمپنی کے اعلی حکام سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ ملاقات میں پنجاب میں انرجی پراجیکٹس خصوصاً گیس سے بجلی پیدا کرنے کے کارخانے لگانے کے منصوبوں پربات چیت ہوئی۔ چینی حکام نے توانائی کے شعبے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبے میں منصوبے لگانے کیلئے سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جارہی ہیں اور روایتی ذرائع کے ساتھ متبادل ذرائع سے بھی بجلی کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

کوئلے ،گیس ،ہائیڈل ،سولر، بائیو گیس،بائیو ماس، ہوااور دیگر ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گیس سے00 36میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت اپنے وسائل سے شیخوپورہ کے علاقے بھکی میں گیس سے 1200 میگاواٹ کا منصوبہ لگائے گی جبکہ وفاقی حکومت پنجاب میں گیس کی بنیاد پر2400میگاواٹ بجلی کے حصول کے کارخانے لگارہی ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ساہیوال میں چین کے تعاون سے 1320 میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ پرتیزی سے کام کیا جارہا ہے اوریہ منصوبہ 2017ء کے اختتام تک بجلی کی پیداوار شروع کردے گا،اسی طرح پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے بہاولپور میں قائداعظم سولر پارک میں 100میگاواٹ کا سولر منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے اوراس منصوبے سے بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوچکی ہے جبکہ 900 میگاواٹ سولر پاور پلانٹ کے منصوبے پر کام کیا جارہا ہے ۔

امید ہے کہ سولرسے 350میگاواٹ کا منصوبہ ر واں برس کے اختتام تک مکمل ہوجائے گا۔محمد شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیاد ت میں توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے مخلصانہ اورسنجیدہ کاوشیں کی جارہی ہے اورتوانائی بحران پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔موجودہ حکومت نے بجلی کے منصوبوں کیلئے جس قدر کاوشیں اورٹھوس اقدامات کیے ہیں،اس کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ چین بھی پاکستان کو توانائی بحران سے نکالنے کیلئے ہر ممکن تعاون کررہا ہے اورچین کے تعاون پرمبنی توانائی کے منصوبوں پر دن رات کام کر کے انہیں تیزرفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں چین کا تعاون لائق تحسین ہے اورتوانائی کے شعبے میں بھی چین قابل قدر کردارادا کررہاہے۔

انہوں نے کہا کہ چین جیسے مخلص دوستوں کے تعاون سے توانائی بحران حل کریں گے اورملک سے بجلی کے اندھیرے دور کر کے پاکستان کے قریہ قریہ کو روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے 2017ء تک توانائی کے کئی منصوبے بجلی پیدا کررہے ہوں گے جن سے تقریباً 5000میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے بجلی کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔

چینی توانائی کمپنی کے حکام نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب میں توانائی کے شعبے میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔چیئرمین پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی عارف سعید ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، سیکرٹری توانائی، سیکرٹری زراعت، ڈی جی ایل ڈی اے اور چیف ایگزیکٹو آفیسرقائد اعظم سولر پارک بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات