حافظ محمد سعیدکی بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے8 پاکستانیوں کی شہادت کی شدید مذمت

جمعہ 28 اگست 2015 17:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء ) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے بھارتی فوج کی جانب سے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں آٹھ پاکستانیوں کی شہادت اور چالیس سے زائد افراد کے زخمی ہونے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت بیرونی قوتوں کے اشارے پر سرحدوں پر دباؤ بڑھانے کیلئے جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ہندوستان کی طرف سے کھلا اعلان جنگ ہے اس پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے۔لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے‘ دہشت گرد بھارت کو مضبوط پیغام نہ دیا گیا تو وہ جارحیت سے باز نہیں آئے گا۔ اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پرکنٹرول لائن پر فائرنگ کا مسئلہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں ملک سے ہندوستان کی تخریب کاری و دہشت گردی کے خاتمہ اور تحریک آزادی کشمیر کو دن بدن مضبوط ہوتا دیکھ کر وہ سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

اسے کچھ سجھائی نہیں دے رہا کہ اسے کرنا کیا ہے؟وہ دہشت گردی خود کر رہا ہے اور پروپیگنڈا پاکستان کے خلاف کیا جارہا ہے۔مشرقی سرحدوں پر بھارتی جارحیت اور افغانستان سے دہشت گردوں کو تربیت دیکر پاکستان داخل کرنے کی سازشیں ایک ہی سلسلہ کی کڑی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم ملک بھر کی جماعتوں کو ساتھ ملا کر قوم کو بھارتی جارحیت کے خلاف متحد و بیدار کریں گے۔

اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں اتحادویکجہتی کی فضا پیدا کی جائے اور باہمی اختلافات ختم کر کے پوری قوم کو دفاع کے لیے تیارکیا جائے ۔ جب قوم تیار ہوتی ہے تو بھارت جیسے دشمن کو 1965کی طرح منہ کی کھانا پڑتی ہے۔ ہمیں 1971کی طرح سازشوں کا شکار نہیں ہونا اور نہ ہی ہمیں کسی مدد کا انتظار کرنا ہے بلکہ ہم نے اپنی جنگ خود لڑنی اور قدموں پر کھڑا ہونا ہے ۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت اور بہترین میزائل ٹیکنالوجی کا حامل ملک ہے۔ بھارت جیسا بزدل دشمن سرحدوں پر فائرنگ کے ذریعہ نہتے شہریوں کو نشانہ بناکر اور اپنی فوج کی تعداد بڑھا کر پاکستان کودھمکانے کی کوششوں میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ پوری پاکستانی قوم کے حوصلے بلند ہیں اور اس کا بچہ بچہ سیسہ پلائی دیوار بن کر افواج پاکستان کی پشت پر کھڑا ہے۔

متعلقہ عنوان :