زیر تعمیر ہسپتالوں کے تعمیراتی کاموں میں مزید تاخیر کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا ،جام مہتاب حسین ڈھر

جمعہ 28 اگست 2015 16:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء)صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے زیر تعمیر شہید محترمہ بینظیر بھٹو ٹراما سینٹر سول اسپتال کراچی اور گلشن اقبال کراچی میں زیر تعمیر 400بستروں پر مشتمل اسپتال کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت نے سول اسپتال میں زیر تعمیر ٹراما سینٹر کی تعمیر میں سست روی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ تعمیراتی کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور ٹراما سینٹر کے پہلے سات فلور کے تعمیراتی کام کو ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔

جام مہتاب حسین ڈھر نے گلشن اقبال میں زیر تعمیر 400بستروں پر مشتمل اسپتال کے دورہ کے موقع پر احکامات جاری کئے کہ اسپتال کے تعمیراتی کام کو سال 2016کے وسط تک مکمل کر لیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ متعلقہ اسپتالوں کو تعمیراتی کاموں کے لئے فنڈز جاری کر چکی ہے اور تعمیراتی کاموں میں مزید تاخیر کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا۔قبل ازیں اپنے دفتر میں ایک میٹنگ میں ڈینگی کنٹرول پروگرام کے انچارج ڈاکٹر مسعود سولنگی نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ انسداد ڈینگی مہم کے حوالہ سے ای ڈی او ہیلتھ کراچی کو 5یو ایل وی(ULV)مشین، 30اسپرے پمپس، 8000لیٹرز ڈیلٹا میتھرین، 2000لیٹرز پر میتھرین، اور 7000کلو گرام ٹیموفوس فراہم کردی گئی ہے تاکہ انسداد ڈینگی مہم کو موثر بنایا جاسکے۔