کچھ قوتیں نہیں چاہتیں کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت مزید قائم رہے،نثار احمد کھوڑو

جمعہ 28 اگست 2015 16:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء)سندھ کے سنیئر وزیر برائے اطلاعات نثاراحمد کھوڑو نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں نہیں چاہتیں کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت مزید قائم رہے۔ اگر ماضی کی روش کو دہرانے کی کوشش کی گئی تو نتائج خراب نکلیں گے۔جمعہ کوجاری اپنے بیان میں وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کرپشن کی حامی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ صرف سندھ میں کرپشن کا تاثر غلط ہے اگر یہ تاثر دینے والے نظر گھمائیں تو فرشتے دوسرے بھی نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

نثار کھوڑونے کہا کہ کرپشن کے خلاف کاروائیاں دیگر صوبوں میں بھی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی اداروں کے ہوتے ہوئے وفاقی اداروں کی کاروائیاں صوبائی خود مختاری کے خلاف ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کو نشانہ بنانا بند کیا جائے اگر پیپلز پارٹی کو سیاسی اور ہر میدان میں جدوجہد کی سربراہی کی سزا دی جارہی ہے تو پیپلز پارٹی گھبرانے والی نہیں ہے۔وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ اب وزیر اعظم میاں نواز شریف کے لئے امتحان ہے کہ وہ اپنے بھائی کی حکومت میں ہاتھ ڈالتے ہیں یا نہیں ۔