کراچی ،چائنا کٹنگ میں ملوث سیاسی جماعت کے رہنماوٴں کیساتھ قریبی روابط رکھنے والا سابق کے ایم سی افسر گرفتار

جمعہ 28 اگست 2015 16:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء)کراچی میں حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے کے ایم سی کے سابق افسر کو کلفٹن میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لے لیا ہے ۔ملزم کے ایک سیاسی جماعت کے رہنماؤں سے قریبی روابط ہیں۔ ملزم پر کروڑوں کی بدعنوانی کا الزام ہے۔ذرائع کے مطابق کراچی میں جمعہ کی صبح سات بجے کے قریب حساس اداروں کی جانب سے کلفٹن میں کارروائی کی گئی جس میں کے ایم سی کے سابق افسر حضور بخش کلوڑ کو ان کے رہائش گاہ سے حراست میں لے لیا گیا۔

حضور بخش کلوڑ نوے کی دہائی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر ریٹائر ہوئے ہیں ۔ ملزم ماضی میں نیب کے ہاتھوں گرفتار ہوکر جیل کاٹ چکے ہیں۔ملزم پر زمینوں کے ریکارڈ میں گھپلوں اورچائنا کٹنگ میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ ملزم سے ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور محکمہ ریونیو کی زمینوں میں پیر پھیر پر بھی تفتیش کی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق حضور بخش کلوڑ کے پاس ڈیفنس، کلفٹن، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی، گلشن اقبال، گلستان جوہر قائد اعظم مزار کے پاس 10سے زائد بنگلے ہیں جن میں سے اکثر قبضے کے ہیں ۔

حضور بخش کلوڑ پر شہر کے مختلف علاقوں میں 5سے زائد غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس بھی چلانے کا الزام ہے۔حضور بخش کلوڑ پر سپر ہائی وے، گلستان جوہر اسکیم 33، ملیر اور گڈاپ میں پولیس کی مدد سے ہزاروں ایکڑ زمین پر قبضہ کرنے میں بھی ملوث ہیں ۔