کراچی ،تحقیقاتی اداروں نے جہانگیر پارک میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرنیوالے گروہ کا سراغ لگالیا

جمعہ 28 اگست 2015 16:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء)کراچی کے علاقے صدر میں واقع جہانگیر پارک کے قریب پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔تحقیقاتی اداروں نے پولیس پر فائرنگ کرنے والے گروہ کا سراغ لگالیا ہے ۔جبکہ عینی شاہدین کی مدد سے دو افراد کے خاکے بھی تیار کئے گئے ہیں ۔ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے ۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 5مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔

ان افراد سے پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق منگل کو جہانگیر پارک کے قریب نامعلوم افراد نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار محمد ابراہیم جاں بحق جبکہ عبدالقیوم نامی اہلکار زخمی ہوگیا تھا جو گزشتہ روززخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں چل بسا ۔

(جاری ہے)

واقعہ کا مقدمہ پریڈی تھانے میں درج کیا گیا تھا ۔

تحقیقات کے دوران تفتیشی ٹیم نے اہلکارو ں پر فائرنگ کرنے والے گروہ کا سراغ لگالیا ہے ۔گروہ کا سراغ سی سی ٹی وی فوٹیج سے لگایا گیا ہے ۔ عینی شاہدین کی مدد سے دو افراد کے خاکے بھی تیار کیے گئے ہیں ۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس گروہ کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے ۔جبکہ پولیس نے جہانگیر پارک اور اطراف کے علاقوں میں چھاپے مارکر 5مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔گرفتار افراد سے پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے ۔