آصف زرداری پر ہاتھ ڈالا گیا تو وہی ہوگا جو منظور خدا ہوگا ،چوہدری شجاعت حسین

جمعہ 28 اگست 2015 16:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) مسلم لیگ (ق)کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے لئے ایک مرتبہ پھر سرگرم ہوگئے ہیں۔وہ جمعہ کوکراچی کے دورے پر پہنچے۔کراچی ایئرپورٹ پرصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موجودہ اپوزیشن اپنا کردار درست طریقے سے ادا نہیں کر رہی ہے ، اس لئے وہ مسلم لیگ کو اکٹھاکرنے کے لئے سرگرم ہیں تاکہ حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگیوں کا اتحاد صرف بلدیاتی انتخابات کے لئے نہیں بلکہ مستقبل کے لئے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مسلم لیگ(ن)کی 3 وکٹیں گرا چکے ہیں ۔ اس لئے ذاتی خیال ہے کہ انہیں ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لینا چاہیئے۔کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ کراچی میں امن سب کو نظر آرہا ہے اور دہشت گردی اور کرپشن کے خلاف جاری آپریشن سے ملک بھر میں واضح تبدیلی واقع ہوئی ہے تاہم کرپشن کے خلاف چاروں صوبوں میں بلاامتیاز آپریشن ہونا چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شہر قائد میں مجرموں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کسی جماعت کے خلاف نہیں اگر کسی جماعت کو آپریشن پر اعتراض ہے تو اس کی بات سننی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم )کے استعفے واپس ہو جائیں گے اور اگر پروپیگنڈے کا سلسلہ جاری رہا تو اس سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ان سے پوچھا گیا کہ اگر آصف علی زرداری پر ہاتھ ڈالا گیا تو کیا ہو گا ۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ وہی ہو گا ، جو منظور خدا ہو گا ۔