آصف علی زرداری سے پرانی یاری ہے ان کے ساتھ اتحاد جاری رہے گا ،چوہدری شجاعت

جمعہ 28 اگست 2015 15:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے پرانی یاری ہے ان کے ساتھ اتحاد جاری رہے گا۔ کراچی آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ صرف جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے۔ متحدہ کے استعفے واپس ہو جائیں گے اور تحریک انصاف کو ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کی غلطی نہیں کرنی چاہئے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کراچی ائیرپورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندون سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن متنازع ہو چکا ہے اور موجودہ الیکشن کمیشن کے تحت تحریک انصاف کو ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لینا چایئے۔ لاہور میں متوقع انتخابات میں حصہ لینا تحریک انصاف کی بڑی غلطی ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی ز رداری کے ساتھ ان کی پرانی یاری ہے اور اس حوالے سے ان کے ساتھ اتحاد جاری رہے گا جبکہ حالیہ دنوں میں آصف علی زرداری کے ساتھ انہوں نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی آپریشن کسی سیا سی جماعت کے خلاف نہیں کیا جا رہا بلکہ آپریشن صرف جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے جبکہ کراچی آپریشن کی وجہ سے پورے ملک میں امن کی فضاء قائم ہوئی ہے جس کے اثرات پوری قوم کو مل رہے ہیں۔

ایم کیو ایم کو اپنے استعفے واپس لے کر جلد ہی پارلیمنٹ کا حصہ بن کر اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن مثبت کردار ادا نہیں کر رہی جبکہ اس حوالے سے جلد ہی ایک گرینڈ اپوزیسن کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو عوام کی امنگوں کے مطابق کردار ادا کرے گی جبکہ مسلم لیگیوں کے اتحاد کے حوالے سے کراچی آیا ہوں جس میں تمام مسلم لیگی دھڑوں کو یکجا کر کے متحدہ مسلم لیگ بنائی جائے گی جس میں حکومتی جماعت مسلم لیگ ن شامل نہیں ہو گی۔