عالمی بنک آپریشن ضرب عضب سے متاثرہ آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے 75 ملین ڈالر قرض دیگا

جمعہ 28 اگست 2015 15:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) عالمی بنک نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے جاری آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت و فلاح و بہبود کیلئے 75 ملین ڈالر قرض فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی بنک سے منظور ہونے والے قرض دینے کا مقصد شمالی اور جنوبی وزیرستان میں شدت پسندی سے متاثر ہونے والے 5 قبائلی علاقوں جن میں شمالی وزیرستان‘ جنوبی وزیرستان‘ اورکزئی‘ کرم اور خیبر ایجنسی شامل ہیں ان آئی ڈی پیز کی مالی معاونت کرنا ہے۔

اپنے بیان میں عالمی بنک نے کہا ہے کہ شدت پسندی کے خلاف آپریشن کے بعد اپنے آبائی علاقوں میں واپس جانے والے افراد کو پہلے مرحلے میں فی خاندان کو 35 ہزار دیئے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں چار ماہانہ اقساط میں 16 ہزار دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حکومت نے آئی ڈی پیز کی بحالی اور ان علاقوں کی تعمیر نو کیلئے 75 بلین کا اندازہ لگایا تھا تاہم اس کے بدلے 75 ملین ڈالر قرض دیا گیا جن میں سے 62 ملین نقد‘ 3 ملین نوازائیدہ بچوں کی صحت اور 10 ملین سوشل موبلائزیشن‘ سٹیک ہولڈرز اور انتظامیہ کی مشاورت سے خرچ کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ حکام کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب گزشتہ سال جون میں شروع ہوا تھا اور اس آپریسن سے متاثرہ آئی ڈی پیز کی اپنے گھروں کو واپسی آئندہ سال مکمل ہو گی عالمی بنک کے پاکستان میں سربراہ راشد بن مسعود کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت حکومت قبائلی علاقوں میں ہنگامی حالات میں لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا نظام تشکیل دے سکے گی۔

متعلقہ عنوان :