26ملین کے فراڈ میں این ٹی بی کا ڈائریکٹر معطل ، انکوائری کا حکم

جمعہ 28 اگست 2015 14:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے زیر انتظام ادارے نیشنل ٹریننگ بیورو ( این ٹی بی ) میں 26 ملین کے فراڈ میں ملوث ڈائریکٹر ایڈمن عارف اللہ کو معطل کرکے فوری انکوائری کا حکم ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل این ٹی بی ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا نے ڈائریکٹر ایڈمن عارف اللہ خان سے سرکاری فنڈ کو پرائیویٹ اکاؤنٹ میں جمع کرانے کی وضاحت طلب کی تو اس نے سابق ڈی جی قاضی ظہیر احمد کا حوالہ دیا جب قاضی ظہیر سے عارف اللہ کے خط کی تصدیق کی تو ثابت ہوا کہ عارف اللہ نے قوائد وضوابط کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری خزانے میں جمع ہونے والی رقم کو افسران بالا کی منظوری کے بغیر بلیک لسٹڈ آرگنائزیشن vetdaco کی مس رضیہ زبیری کے ذاتی اکاؤنٹ نمبر HBL pk08-habb0017427900342 میں جمع کرانے کے لیے اتھارٹی لیٹر جاری کردیا سابق ڈی جی نے اس اتھارٹی لیٹر سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا اس غیر قانونی خط کی وجہ سے 26ملین کی خطیر رقم این ٹی بی کے فنڈ کی بجائے مس رضیہ زبیری کے ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کرائی گئی تمام دستاویزی ثبوت ملنے پر سیکرٹری وزارت تعلیم محمد امتیاز تاجور نے عارف اللہ کو معطل کرکے انکوائری کا حکم جاری کردیا ڈائریکٹر جنرل این ٹی بی ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا نے تمام دستایزی ثبوت اور بنیادی انسانی حقوق کے تحت وضاحت حاصل کرنے کا عمل مکمل کرکے وزارت تعلیم کو رپورٹ کی جس کی بنیاد پر انضباطی کارروائی شروع کردی گئی ۔