احتجاجی سیاست نے ملک و عوام کو کچھ نہیں دیا‘ 2013ء میں مسلم لیگ (ن) کا مینڈیٹ حقیقی تھا اس لئے دوبارہ عوام کی عدالت میں جارہے ہیں‘ ایاز صادق نے الیکشن ٹریبونل میں اپنے خلاف کیس میں تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا

وزیراعظم نواز شریف کی سابق سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 28 اگست 2015 14:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ احتجاجی سیاست نے ملک و عوام کو کچھ نہیں دیا‘ 2013ء میں مسلم لیگ (ن) کا مینڈیٹ حقیقی تھا اس لئے دوبارہ عوام کی عدالت میں جارہے ہیں‘ ایاز صادق نے الیکشن ٹریبونل میں اپنے خلاف کیس میں تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا۔ جمعہ کو وزیراعظم نواز شریف سے سابق سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال‘ این اے 122 میں ضمنی انتخابات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ایاز صادق نے ضمنی انتخاب لڑنے کے پارٹی فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں بھی انتخابی میدان میں اترنا چاہتا تھا پہلے سے زیادہ برتری سے جیت کر واپس آؤنگا۔ وزیراعظم نواز شریف نے سپیکر کی حیثیت سے سردار ایاز صادق کے کردار کوسراہتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق نے الیکشن ٹریبونل میں اپنے خلاف کیس میں تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا احتجاجی سیاست نے ملک و عوام کو کچھ نہیں دیا۔ 2013ء میں مسلم لیگ (ن) کا مینڈیٹ حقیقی تھا اس لئے دوبارہ عوام کی عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوبارہ جیت کر اپنے حقیقی مینڈیٹ کی توثیق کروائینگے۔