سیب کا استعمال دل کی بیماریوں ،گھبراہٹ، خفقان اور ہائی بلڈ پریشر کیلئے انتہائی مفید ہے‘ حکماء

جمعہ 28 اگست 2015 14:08

سیب کا استعمال دل کی بیماریوں ،گھبراہٹ، خفقان اور ہائی بلڈ پریشر کیلئے ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء)سیب کا استعمال دل کی بیماریوں ،گھبراہٹ، خفقان اور ہائی بلڈ پریشر کیلئے انتہائی مفید ہے،سیب میں فاسفورس کی مقدار سب سے زیادہ ہے اور یہ مقوی دماغ بلکہ دماغ کا کام کرنیوالوں کیلئے نعمت خُداوندی بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ماہرین غذائیت پروفیسر حکیم محمد شفیع طالب قادری، حکیم ثناء اللہ حلاج، حکیم سید عمران فیاض ، حکیم سید عارف رحیم ، حکیم عبدالرزاق ربانی، حکیم محمد اکرم مغل، حکیم ساجد قادری اور حکیم محمد افضل میو حکیم انقلاب طبی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام سیب کی افادیت کے حوالے سے منعقدہ مجلس مذاکرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اُنہوں نے بتایا کہ خشک سرد تاثیر کا حامل سیب ہر دلعزیز اورلذیز پھل ہے۔ اسکی خوبیوں کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ چند سا ل قبل امریکہ میں ماہرین غذائیت کے اجلاس میں متفقہ طور پر سیب کو تمام پھلوں کا سردار قرار دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

سیب کو چھلکا اُتار کر کھاناایک فاش غلطی ہے۔ تازہ ترین تحقیقات اس بات کو پایہ ثبوت تک پہنچا دیا ہے کہ اس پھل کے چھلکے کی موٹائی میں وٹامنز کی بڑی مقدار چھپی ہوئی ہے جو کہ چھلکا اُتارنے سے عموماََ ضائع ہو جاتی ہے اس لیئے ضروری ہے کہ سیب کو چھلکے سمیت کھایا جائے تاکہ آپ اسکے اکسیری فوائد سے پور ی طرح مستفید ہو سکیں۔

سیب دل کو تقویت بخشتا ہے۔ یہ اصول ماضی سے مسلم چلا آ رہا ہے۔ اس لئے گھبراہٹ، خفقان، ہائی بلڈ پریشر اور دل کی بیماریوں میں اسکا استعمال سود مند ہوتا ہے۔