بھارتی فورسز کی چپراڑ‘ چاروا‘ سجیت گڑھ اور ہرپال سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری ، 6شہری شہید

جمعہ 28 اگست 2015 12:20

راولپنڈی /سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) بھارتی فورسز کی ورکنگ باؤنڈری چپراڑ‘ چاروا‘ سجیت گڑھ اور ہرپال سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں 6شہری شہید جبکہ 22خواتین سمیت 46افراد زخمی ہوگئے‘ چناب رینجرز کی جانب سے بھارتی جارحیت کا موثر جواب دیا گیا‘ بھارتی فورسز کی جانب سے جارحیت سے چپراڑ سیکٹر کے گاؤں کنگن پور اور بجرا گڑھی سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ایک بار پھر ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیالکوٹ کے چپراڑ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔ بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے چھ سویلین شہید جبکہ بائیس خواتین سمیت چھیالیس افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے سب سے زیادہ متاثر گاؤں کنگن پور اور بجرا گڑھی ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا موثر جواب دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی طرف سے چاروا ‘ سجیت گڑھ اور ہرپال سیکٹر کے شہری علاقوں کو بھی نشانہ بنا کر فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس کے نتیجے میں درجنوں مکانات تباہ اور مویشی ہلاک ہوئے۔ دوسری طرف مقامی ذرائع اور میڈیا رپورٹ کے مطابق عیار دشمن بھارت نے سیالکوٹ سیکٹر میں سجیت گڑھ سیکٹر کے گاوٴں ٹھٹھی خورد ، ٹھٹھی کلاں ، مہندر وال کو نشانہ بنایا جبکہ گاوٴں عمرانوالی اور کندن پور پر بھی بھارتی فورسز نے مارٹر گولوں سے شیلنگ کی۔

چارواہ ، کھنور ، بلہے ، جمال جند ، دھمالاں ، ہرپال گاوٴں ، گاوٴں انولہ ، سیلم ، ہارنانوالی ، گاوٴں چپراڑ ، دھول ملانے ، سہیل پور ، صالح پور اور نند پور کو بھی نشانہ بنایا۔گولہ باری اور فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ۔ شہیدہونے والوں میں باجرہ گڑھی کے ذوالفقار اور کندن پور کے مقصود، شہزاد، وقاص، اسلم اور ارشاد بی بی شامل ہی تھی ۔

بھارتی فورسز کی جانب سے عام آبادی کو نشانہ بنایا گیا جبکہ فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں متعدد مویشی بھی ہلاک ہوگئے اور مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔پنجاب رینجرز کی جانب سے بھی ہندوستانی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔پاکستان نے گزشتہ 10 روز کے دوران 2 بار بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج کیا۔

17 اگست کو ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو ہندوستانی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر کوٹلی کے مقام پر بلا اشتعال شیلنگ سے ایک خاتون سمیت 3 شہریوں کی شہادت اور 15 کے زخمی ہونے پر طلب کیا گیا تھا، بعد ازاں 19اگست کو جندکروٹ اور نکھیال سیکٹرز میں بھی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری کی شہید جبکہ چار کے زخمی ہونے پر ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا۔پاکستان کی جانب سے ہندوستان کو آگاہ کیا گیا کہ دو ماہ میں 70 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :