سکھر،کیتھر کینال میں طلبا کی کشتی الٹ گئی،خاتون سمیت چار لاپتہ

جمعہ 28 اگست 2015 11:16

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء )سکھر بیراج سے نکلنے والی کیتھر کینال میں بچوں کو سکول لیجانے والے کشتی الٹ گئی۔ کشتی میں8 بچوں سمیت 10 افراد سوار تھے۔ ایک خاتون اور 4 بچوں کی تلاش جاری ہے۔

(جاری ہے)

مقامی افراد کے مطابق کینال پر ایک کنارے سے دوسرے کنارے کشتی کو بحفاظت لیجانے کیلئے زنجیر باندھی گئی تھی جس کے ٹوٹنے سے حادثہ پیش آیا اور شور مچنے پر مقامی افراد حادثے کی جگہ اکٹھے ہوگئے جنہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ایک خاتون اور پانچ بچوں کو فوری طور پر ریسکیو کرکے قریبی ہسپتال منتقل کردیاجبکہ لاپتہ خاتون اور تین بچوں کی تلاش کیلئے مقامی غوطہ خوروں کی جانب سے کوششیں جاری ہیں تاہم تیز بہاوٴہونے کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق کشتی بچوں کو لیکر اسکول جارہی تھی جو کینال کے دوسرے کنارے پر قائم ہے۔