کراچی ،پولیس مقابلے میں دو اغوا کار ہلاک ، مغوی بنک کے نائب صدر بازیاب ، 25 مشتبہ افراد گرفتار

جمعہ 28 اگست 2015 11:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) کراچی سپر ہائی وے پر مقابلے کے بعد دو اغوا کار ہلاک ہوگئے ، مغوی بنک کے نائب صدر کو بازیاب کرا لیا گیا ، سیکورٹی اداروں کی کارروائیوں کے دوران سیاسی جماعت کے پانچ کارکنوں سمیت پچیس مشتبہ افراد پکڑے گئے۔کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔

کراچی میں سپر ہائی وے نادرن بائی پاس پر سپیشل انویسٹی گیشن اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کی۔کارروائی کے دوران اغوا کاروں اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو اغوا کار مارے گئے۔ سیکورٹی اداروں نے مغوی نجی بنک کے نائب صدر غوث محمد کو بازیاب کرا لیا۔ایس ایس پی ایس آئی یو فاروق اعوان اور سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب کے مطابق مغوی کو چودہ اگست کے روز سائٹ ایریا سے اغوا کیا گیا تھا اور اہل خانہ سے دس کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزموں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ دوسری جانب چاکیواڑہ میں گینگ وار کے عزیر بلوچ گروپ کا ٹارگٹ کلر پولیس مقابلے میں مارا گیا۔فرئیر کے علاقے پنجاب کالونی میں سرچ آپریشن کے دوران 15 ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا ، مبینہ ٹاوٴن میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کر کے 2 دہشتگردوں فاروق بیگ اور لیاقت حسین کو گرفتار کر لیا۔ملزموں کے قبضے سے 2 دستی بم ، 2 پستول اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں ، شارع نور جہاں اور اقبال مارکیٹ سے بھی مقابلوں کے بعد 4 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :