بھارتی فورسز کی نہتے شہریوں پر گولہ باری اور فائرنگ، خاتون اور بچے سمیت سات افراد شہید

جمعہ 28 اگست 2015 11:14

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے شہریوں پر بھاری ہتھیاروں سے گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت سات افراد شہید اور48 زخمی ہوگئے،گولہ باری اور فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے،بھارتی فورسز کی جانب سے عام آبادی کو نشانہ بنایا گیا، فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں متعدد مویشی بھی ہلاک ہوگئے اور مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا،پنجاب رینجرز کی جانب سے بھی ہندوستانی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔

جمعہ کو عیار دشمن بھارت نے سیالکوٹ سیکٹر میں سجیت گڑھ سیکٹر کے گاوٴں ٹھٹھی خورد ، ٹھٹھی کلاں ، مہندر وال کو نشانہ بنایا جبکہ گاوٴں عمرانوالی اور کندن پور پر بھی بھارتی فورسز نے مارٹر گولوں سے شیلنگ کی۔

(جاری ہے)

چارواہ ، کھنور ، بلہے ، جمال جند ، دھمالاں ، ہرپال گاوٴں ، گاوٴں انولہ ، سیلم ، ہارنانوالی ، گاوٴں چپراڑ ، دھول ملانے ، سہیل پور ، صالح پور اور نند پور کو بھی نشانہ بنایا۔

گولہ باری اور فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ۔ شہیدہونے والوں میں باجرہ گڑھی کے ذوالفقار اور کندن پور کے مقصود، شہزاد، وقاص، اسلم اور ارشاد بی بی شامل ہی تھی ۔بھارتی فورسز کی جانب سے عام آبادی کو نشانہ بنایا گیا جبکہ فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں متعدد مویشی بھی ہلاک ہوگئے اور مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔

پنجاب رینجرز کی جانب سے بھی ہندوستانی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔پاکستان نے گزشتہ 10 روز کے دوران 2 بار بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج کیا۔17 اگست کو ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو ہندوستانی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر کوٹلی کے مقام پر بلا اشتعال شیلنگ سے ایک خاتون سمیت 3 شہریوں کی شہادت اور 15 کے زخمی ہونے پر طلب کیا گیا تھا، بعد ازاں 19اگست کو جندکروٹ اور نکھیال سیکٹرز میں بھی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری کی شہید جبکہ چار کے زخمی ہونے پر ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے ہندوستان کو آگاہ کیا گیا کہ دو ماہ میں 70 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی۔واضح رہے کہ 23 اور 24 اگست کو پاکستان اور بھارتی کے داخلی سیکیورٹی کے مشیروں کی ملاقات بھی طے تھی مگر یہ ملاقات منسوخ ہو گئی تھی۔ ہندوستان نے شرط عائد کی تھی کہ پاکستانی کی داخلی سیکیورٹی کے مشیر سرتاج عزیز مذاکرات سے قبل کشمیر کے حریت پسند رہنماوٴں سے ملاقات نہ کرے جبکہ پاکستان نے زور دیا تھا کہ ہندوستان مذاکرات سے قبل پیشگی شرائط عائد نہ کرے۔

متعلقہ عنوان :