پنجاب حکومت او رچین کے صوبے جیلن کے درمیان بیجنگ میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

معاہدے کے تحت پنجاب کے زرعی شعبے کے طلبا و طالبات چینی صوبہ جیلن میں جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کریں گے، زرعی شعبہ کے طلبہ کیلئے تربیتی پروگرام خوش آئند ہے،چین کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی گفتگو

جمعرات 27 اگست 2015 22:43

لاہور/ بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) پنجاب حکومت اورچین کے صوبے جیلن کے درمیان بیجنگ میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت پنجاب کے زرعی شعبے کے طلبا و طالبات چینی صوبہ جیلن میں جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کریں گے -جیلن صوبے نے پنجاب کے طلبا وطالبا ت کی زرعی شعبے میں تربیت کے لئے خیر سگالی کے طورپر 40کروڑ روپے مختص کر دئیے ہیں جو پنجاب کے زرعی شعبہ سے وابستہ طلبا وطالبات کوصوبے جیلن میں زرعی تعلیم وتربیت پر خرچ کئے جائیں گے-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب زرعی صوبہ ہے ،جیلن صوبے کی جانب سے زرعی شعبہ کے طلبہ کے لئے تربیتی پروگرام خوش آئند ہے- معاہدے کے تحت چین کی جدید زرعی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا-