Live Updates

تحریک انصاف سندھ میں ہونیوالے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے پوری طرح تیار ہے،عارف علوی

پاکستانی ادارے جب تک فعال کردار ادا نہیں کریں گے تب تک معاشی ترقی ممکن نہیں، رہنماء پی ٹی آئی سندھ

جمعرات 27 اگست 2015 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے چیف آرگنائزر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سندھ میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔ پارٹی کارکنان اپنی اپنی یونین کونسل میں اپنے پینل کو حتمی شکل دیں ۔ سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کے کرپٹ حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں اور بلدیاتی الیکشن میں شکست پیپلز پارٹی کا مقدر ہوگی ۔

یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز لاڑکانہ میں لاڑکانہ شہری اتحاد کے سربراہ ممتاز علی بھٹو سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں اس موقع پر ان کے ہمراہ سندھ کے ڈپٹی آرگنائزر افتخار سومرو بھی موجود تھے۔ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ سندھ تبدیلی کے لئے تیار ہے ۔

(جاری ہے)

صرف تحریک انصاف کی کارکنان کی جانب سے چیئر مین عمران خان کا پیغام پہنچانے کی دیر ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی ادارے جب تک فعال کردار ادا نہیں کریں گے تب تک معاشی ترقی ممکن نہیں۔ کڑا احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے۔وائٹ کرائم کرنے والوں کا گھیرا تنگ ہونا چاہئے۔ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان بہت جلد سندھ کا طوفانی دورہ کریں گے اور جن اضلاع میں بلدیاتی الیکشن ہو رہے ہیں وہاں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ سندھ کے نوجوان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنے کے لئے جوق در جوق تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی کرپشن اور اقرباء پروری نے سندھ کے نوجوانوں کومایوس کیا ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں لاڑکانہ شہر میں بھی لاڑکانہ شہری ا تحاد کے ساتھ مل کر پیپلز پارٹی کو زبردست شکست دیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات