ایف سی بلوچستان کا ڈیرہ بگٹی کے مختلف علاقوں میں کالعدم تنظیم کیخلاف سرچ آپریشن

2 دہشت گرد گرفتار، اسلحہ بارود برآمدکرلیا گیا، خاران سے ایک مشتبہ شخص گرفتار کیا گیا، ترجمان ایف سی

جمعرات 27 اگست 2015 22:03

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء ) فرنٹیئرکوربلوچستان کی ڈیرہ بگٹی کے مختلف علاقوں لوٹی بی،خانو قلعہ اور مصری گوٹھ میں کالعدم تنظیم کے ٹھکانوں کے خلاف سرچ آپریشن۔کارروائی کے دوران02دہشتگرد گرفتار ،بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بر آمد۔تفصیلات کے مطابق فرنٹیئرکوربلوچستان نے ڈیرہ بگٹی کے مختلف علاقوں لوٹی بی،خانو قلعہ اور مصری گوٹھ میں کالعدم تنظیم کے ٹھکانوں کے خلاف سرچ آپریشن کا آغازکیا ۔

سرچ آپریشن کے دوران02دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدارمیں اسلحہ اور گولہ بر آمد ہوا۔بر آمد ہونے والے اسلحے اور گولہ بارودمیں 03عدد راکٹ،02عددآئی ای ڈیز،55کلو گرام ایکسپلوسیوز،10عددڈیٹونیٹرز،01عددایس ایم جی اور01عدد اینٹی پرسنل مائن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دہشتگردمذکورہ آئی ای ڈیز اوردھماکا خیزموادکوایف سی کی کانوائے پرحملے اورگیس پائپ لائنوں کوتباہ کرنے کیلئے استعمال کرنا چاہتے تھے جسے فرنٹیئر کور بلوچستان نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنادیا۔

ایک دوسری کارروائی میں ایف سی نے خاران کے علاقے گواش روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے ۔ مشتبہ شخص کے قبضے سے01عددایس ایم جی،01عدد شارٹ گن،03دوربین اور سینکڑوں راؤنڈز بر آمد کرکے اپنے قبضے میں لے لیے۔مذکورہ مشتبہ شخص کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔