`کراچی،محکمہ انسداد دہشت گردی کی کارروائی ،دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، بھارتی خفیہ ایجنسی "را"کا نیٹ ورک پکڑلیا

را سے تربیت حاصل کرنے والے 4دہشت گرد گرفتار،کاتعلق سیاسی جماعت سے ہے ،ایس ایس پی سی ٹی ڈی نوید خواجہ کی پریس کانفرنس `

جمعرات 27 اگست 2015 21:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) کراچی میں کاؤنٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی "را"کا نیٹ ورک پکڑلیا ہے ،بھارتی خفیہ ایجنسی (را)سے تربیت حاصل کرنے والے 4دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیاہے جن کاتعلق سیاسی جماعت سے ہے ، ملزمان مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد پر حملے میں بھی ملوث ہیں ۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی نوید خواجہ نے جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 4دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں خالد،محمد محسن عرف کاشف ، عبد الجبار عرف ظفر ٹینشن اور محمد شفیق عرف پپو شامل ہیں ،دہشتگردوں کا تعلق ایک سیاسی تنظیم سے ہے اور انہوں نے بھارت کے مختلف علاقوں میں بھاری خفیہ ایجنسی (را) سے تربیت حاصل کی ہے ۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی نوید خواجہ نے بتایا کہ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے دہشتگردوں کا مقصد پاکستان میں بدامنی پھیلانا اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو روکنا تھا جس کے لیے وہ محرم الحرام کے دوران بڑی دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور اس سلسلے میں انہوں نے 9اور10محرم کو امام بارگاہ شاہ خراسان میں دھماکوں کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی ۔

تاہم سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیا ہے۔ ایس ایس پی نوید خواجہ نے بتایا کہ دہشتگردوں کوکروڑوں روپے ملاکرتے تھے اور یہ رقم بھارت دیتا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں کچھ اکاوٴنٹس ایسے ہیں جن میں "را"سے پیسا آتا ہے،کئی بینک اکاوٴنٹس سے دہشت گردوں کی مالی معاونت ہوتی ہے، ان میں کچھ اکاؤنٹس تاجروں اور بلڈرز کے نام پر بھی ہیں جن کی تحقیقات کے لیے اسٹیٹ بینک کو خط لکھ دیا گیا ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی نہیں بتاسکتے کہ ملزمان کوکہاں سے گرفتارکیاگیا ہے تاہم دہشت گردوں کیخلاف ملک سے بغاوت کے مقدمات درج کیے جائیں گے،گرفتارملزمان پر ملک کے خلاف سازش کا مقدمہ درج کیا جائے گا کیونکہ دہشتگردپاکستان میں امن وامان کی صورتحال خراب کرناچاہتے تھے۔ملزمان کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملزمان مہاجر قومی موومنٹ کے چیئر مین آفاق احمد پر حملے کے ساتھ ساتھ اورنگی ٹاؤن میں ہونے والے دھماکوں میں بھی ملوث ہیں جبکہ دہشت گردعبدالجبارعرف ٹینشن نے کئی وارداتوں کااعتراف کرلیاہے۔انہوں نے کہا کچھ ملزمان نے وعدہ معاف گواہ بننے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ `

متعلقہ عنوان :