ٹی آئی آر میں رسائی سے تجارت کی نئی راہیں کھلیں گی اور ٹرکنگ انڈسٹری ترقی کے راستے پر گامزن ہو گی، ٹی آئی آر کنونشن 16 جنوری 2016ء سے ہو گا` وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان کا سیمینار سے خطاب

جمعرات 27 اگست 2015 21:18

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ٹی آئی آر میں رسائی سے پاکستان کیلئے تجارت کی نئی راہیں کھلیں گی، وزیراعظم محمد نوازشریف کے وژن کے تحت حکومت علاقائی اور بین الاقوامی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کیلئے پرعزم ہے، ٹی آئی آر کا حصہ بننے سے ملکی ٹرکنگ انڈسٹری ترقی کے راستے پر گامزن ہو گی، ٹی آئی آر کنونشن 16 جنوری 2016ء سے ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے ٹی آئی آر تک رسائی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آئی آر کا حصہ بننے کے بعد کسٹم ڈیوٹی بارڈر پر نہیں بلکہ ٹرک کے اپنی منزل تک پہنچنے کے بعد ادا کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹی آئی آر کے لاگو ہونے کے بعد ملکی ٹرکنگ انڈسٹری ترقی اور بہتری کے راستے پر گامزن ہو گی اور اس شعبہ میں بین الاقوامی کمپنیاں بھی سرمایہ کاری کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹی آئی آر میں شامل ہونے کے بعد پاکستان کی علاقائی تجارت میں واضح فرق پڑے گا اور ہمیں افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں سمیت دیگر ممالک تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران پرا قتصادی پابندیاں ختم ہونے والی ہیں، ان حالات میں پاکستان کی ٹی آئی آر میں شمولیت بہت اہمیت کی حامل ہے، اس سے ایران کے ساتھ تجارت میں اضافہ کے وسیع امکانات روشن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان کیلئے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے دروازے کھولے جائیں اور تاجروں اور کاروباری ادارے کیلئے سہولت کاری کا کام کیا جائے جس کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آئی آر میں رسائی سے پاکستان کیلئے تجارت کی نئی راہیں کھلیں گی۔ نئے ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کے مواقع حاصل ہونگے اور تجارت کرنے پر اخراجات بھی کم ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی آئی آر کا حصہ بننے کے بعد ای کامرس کے ثمرات سے بھرپور فوائد حاصل کئے جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے پاکستان کی ٹرکنگ انڈسٹری میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور صنعت ترقی کرے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کے وژن کے تحت حکومت علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تجارت بڑھانے کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر تجارت بڑھانے کیلئے سہولت کاری کے عمل کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں حکومتی اقدامات کے باعث پاکستانی معیشت بہتری کے راستے پر گامزن ہے اور بڑے اقتصادی اعشاریوں سے معیشت میں بہتری کی نشاندہی ہو رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 16 جنوری 2016ء سے ٹی آئی آر کنونشن ہو گا۔