بیروز گار ہونے والے چنگ چی ڈرائیور کی خود کشی حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے ،حافظ نعیم الرحمن

خود کشی کر نے والے چنگ چی رکشہ ڈرائیور کے والد سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 27 اگست 2015 20:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء)جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری نے خود کشی کر نے والے چنگ چی رکشہ ڈرائیور ذوالفقار خواجہ کے والد نذیر خواجہ سے ملاقات کی اور اس اندوہناک سانحے پر ان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔بعد ازاں وہ قبرستان بھی گئے ۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ نا قاقبت اندیشانہ اقدامات کی وجہ سے آج ہزاروں چنگ چی ڈرائیور بے روز گار ی کا شکار ہو گئے ہیں اور ان کے گھروں پر فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے ۔

سی این جی رکشہ اور چنگ چی کے روز گار سے وابستہ آج ہزاروں افرادمایوسی اور بددلی کا شکار ہیں ۔ مایوسی اور بد دلی ہی انہیں اپنی جان تک لینے پر آمادہ کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ ایک تشویش ناک صورتحال ہے جس کا فوری نوٹس لینا چاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ مسلمان بدترین حالات میں بھی ہمت نہیں ہارتا ،خودکشی اور خودسوزی کسی مسئلے کا حل نہیں ۔انہوں نے چنگ چی اور رکشہ ڈرائیوروں سے اپیل کی کہ وہ جدو جہد کا راستہ اختیار کریں اور ہمت نہ ہاریں ۔جماعت اسلامی ان کی جدو جہد میں ان کے ساتھ ہے ۔ اس مو قع پر بحالی ٹرانسپورٹ کمیٹی کے سر براہ اور اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر ر محمود حامد اور نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان بھی مو جود تھے ۔