سی این جی اور چنگ چی رکشوں کی بندش سے لاکھوں افراد ٹرانسپورٹ کے مسائل کا شکار ہو گئے ہیں،حافظ نعیم الرحمن

جمعرات 27 اگست 2015 20:22

کراچی اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ چنگ چی اور سی این جی رکشہ بند ہو نے کی وجہ سے 30سے 40لاکھ افراد ٹرانسپورٹ کے مسائل کا شکار ہو گئے ہیں اور اس روز گارسے وابستہ ہزاروں افراد بے روز گار اور ان کے گھروں کے چولھے ٹھنڈے ہوگئے ہیں۔کل ایک ڈرائیور نے ھالات سے تنگ آکر خودکشی کر لی ہے ۔ہمارے دھرنے اور جرگے سے حکمران پریشان ہیں مگر وہ مسئلہ حل کر نے پر تیار نہیں ۔

جماعت اسلامی یہ مسئلہ حل کر ائے گی۔وزیرٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس ظلم ڈھانا بند کرے اور وہ سی این جی اور چنگ چی رکشے جن پر جر مانہ عائد کیا گیا اور انہیں پولیس نے اپنے قبضے میں لیا ہو ا ہے انہیں فی الفور چھوڑا جائے ۔عدالت عالیہ کراچی میں سی این جی اور چنگ چی رکشے کے مسئلے پر از خود نوٹس لے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کے تحت سی این جی اور چنگ چی رکشوں اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کے حوالے سے بنائی جانے والی کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔

اس مو قع پر ،چنگ چی رکشہ ایسوسی ایشن کے صدر صفدر شاہ قادری ،سیکریٹری اورنگزیب واحدی ،سی این جی رکشہ ایسوسی ایشن کے ملک شفیق ،شاہد مسعود ،سلیم پٹھان ،ہیومن رائٹس ویلفیئر ٹرسٹ کی رہنماء مس صبا ء،جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز ،سیکریٹری کراچی عبدالوہاب،بحالی ٹرانسپورٹ کمیٹی کے صدر محمود حامد،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان اور دیگر بھی مو جود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس مسئلے کے حل کے لیے روزانہ شہر کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔جمعہ 28اگست کو شام 4بجے نیپا چورنگی پر مظاہرہ کیا جائے گا اور 3ستمبر کو کراچی پریس کلب میں ایک بڑا کنونشن منعقد ہو گا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ قانونی نہیں بلکہ انسانی مسئلہ بن چکا ہے ۔

لاکھوں افراد کی سفری سہولت کا مسئلہ ہے اسے حل کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے یہ کہہ کر کہ عدالت کا فیصلہ ہے حکومت اورانتظامیہ بری الزمہ نہیں ہو سکتی حکومت عدالت میں جائے اور حکمِ امتناعی حاصل کرے چنگ چی اور سی این جی رکشہ ڈرائیور بھی حکومت کا ساتھ دیں گے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم اسٹیک ہولڈر کے طور پر کھڑے ہیں اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کو شش کریں گے ہم اقتدار میں نہیں ہو تے تب بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے کام کر تے ہیں ۔

ہم شہر کے امن و امان کو خراب نہیں کر نا چاہتے لیکن ہم عوام کا مقدمہ لڑ تے رہیں گے ۔ہم چاہتے ہیں کہ شہر میں ٹرانسپورٹ کا مناسب بندو بست کیا جائے ۔ماس ٹرانزٹ منصوبہ شروع کیا جائے ۔چند روز قبل سرجانی سے ٹاور کے لیے 26گرین بسیں چلانے کا اعلان کیا گیا مگر صرف 16بسیں چلانی کی اطلاعات مل رہی ہیں جو کراچی کے شہریوں کے ساتھ مذاق ہے ۔ٹرانسپورٹ کے مسئلے کے حل کے لیے کم از کم ایک ہزار بسیں فوری چلائی جائیں اور جب تک شہر میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل نہیں کیا جاتا اور سی این جی و چنگ چی رکشوں کا متبادل نظام فراہم نہیں کیا جاتا انہیں بحال کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :