وزیراعلیٰ پنجاب کی ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکموں اوراداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت

انسداد ڈینگی کیلئے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، غفلت یا تساہل کی کوئی گنجائش نہیں، شہباز شریف

جمعرات 27 اگست 2015 20:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ محکمے اورادارے چوکس رہیں،لاہور، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں ڈینگی کے تدارک کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں اور ڈینگی سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ پلان پر موثر عملدر آمد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے- جمعرات کو انہوں نے کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کو مربوط انداز میں کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کے حوالے سے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد میں غفلت یا تساہل کی کوئی گنجائش نہیں لہٰذا متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں سمیت انتظامیہ اجتماعی کاوشیں بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات اٹھائیں اور ڈینگی سے نمٹنے کیلئے متحرک اور فعال کردارادا کریں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پر بھر پور توجہ دی جائے اور نشیبی علاقوں میں کھڑے پانی کا فوری نکاس یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ جس ٹائرکی دکان سے لاروا ملے اس کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کیاجائے جبکہ ہوٹلوں اورریستورانوں کی چیکنگ کی جائے اورڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے عوام کی آگاہی کے لئے بھر پور مہم چلائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ادارے کو متحرک اور فعال کردار اد ا کرکے اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔