مفاہمت کی سیاست میں پیسے بن سکتے ہیں تو کالا باغ ڈیم کیوں نہیں،ن لیگ کا نظریہ ہر حال میں اقتدار میں آنا اور پھر دن پورے کرنا ہے،پاکستان مسلم لیگ (ق)پنجاب کے جنرل سیکرٹری ظہیرالدین کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 27 اگست 2015 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ق) پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری ظہیرالدین خاں نے کہا کہ مفاہمت کی سیاست میں پیسے بن سکتے ہیں تو کالا باغ ڈیم کیوں نہیں،ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنی مفاہمت کی سیاست میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر کو بھی شامل کریں ۔ وہ جمعرات کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کرت رہے تھے ۔انہوں نے 3حلقوں سے متعلق الیکشن ٹریبونل کے فیصلوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جتنے حلقے بھی کھلے گے چوری کا مینڈیٹ ہی برآمد ہوگا۔

حیرت ہے کہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے2013کے عام انتخابات کو کس طرح صاف و شفاف قرار دے دیا؟ مسلم لیگ قائداعظم نے جوڈیشل کمشن میں دھاندلی سے متعلق تسلی بخش ثبوت دیے تھے چوہدری ظہیرالدین خاں نے کہا کہ اسمبلیاں اپنا وقار کھو رہی ہیں اور اس الیکشن کمیشن کے ہوتے ہوئے نہ ضمنی الیکشن شفاف ہونگے اور نہ بلدیاتی انتخابات۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن کے صوبائی ممبرز کو از خود اپنے عہدوں سے الگ ہوجانا چاہیے وہ شفاف انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہے۔انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہ متفقہ مسلم لیگ ناگزیر ہوگئی ہے۔مسلم لیگ کے اتحاد کے حوالے سے آنے والے دنوں میں قوم کو خوشخبری ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا نظریہ ہر حال میں اقتدار میں آنا اور پھر دن پورے کرنے تک محدود ہے۔یہی وجہ ہے کہ ملک و قوم کو درپیش اصل مسائل کے حل میں بہتری آنے کی بجائے بربادی آرہی ہے۔اس وقت کسان، ڈاکٹرز، صنعتی کارکن سڑکوں پر ہیں ۔