غریب آدمی کو مہنگائی کی کند چھری سے مسلسل ذبح کیاجارہا ہے،میاں مقصود احمد

جمعرات 27 اگست 2015 19:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) امیر جماعت اسلامی لاہورمیاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ غریب آدمی کو مہنگائی کی کند چھری سے مسلسل ذبح کیاجارہا ہے۔ وہ دن بدن زندہ درگو ر ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ بدترین مہنگائی میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ حکومتی ارکان اسمبلی اور اپوزیشن ارکان ا س اہم مسئلہ پر اس شدت سے نہیں بولتے جس کی عوام ان سے توقع رکھتے ہیں۔

البتہ میڈیا کبھی کبھار مہنگائی کو بھی موضوع بناتا ہے۔ لیکن اکثر وبیشتر اس کے بھی موضوعات دوسرے ہوتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ حکومتیں تو ہمیشہ اپنی کامیاب پالیسیوں کے چرچے کرتی ہیں لیکن عوام الناس کے پاس حکومتی کارکردگی کو جانچنے کا ایک پیمانہ ہے اور وہ اشیائے صرف کی قیمتیں ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت سے عوام نے توقع باندھی تھی کہ ان کے آنے سے اور کچھ نہ ہو معاشی استحکام ضرور آئے گا اور مہنگائی کے بے قابو جن کو کسی بوتل میں بند کرکے مہنگائی سے قدرے نجات مل جائے گی لیکن ہوا اس کے برعکس۔

انھوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کی کئی وجوہات کے ساتھ ساتھ اہم ترین اور بنیادی وجہ سودی معیشت کا ناگزیر سمجھنا ہے۔پاکستانی معیشت اس وقت تک بہترنہیں ہوسکتی جب تک اس منحوس سودی معیشت سے چھٹکارا حاصل نہیں کیاجاتا ۔ اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ مہنگائی کے بڑھنے میں جی ایس ٹی میں اضافہ، آئی ایم ایف سے قرضہ،قرضوں کی معیشت ،بالواسطہ ٹیکسوں کی بھرمار، پرائس کنٹرول سے بے اعتنائی اور کرپشن اور شاہانہ اخراجات جیسے اقدامات کا بھی بڑا عمل دخل ہے۔

متعلقہ عنوان :