پروفیسر حسن امیر شاہ کی بطوروائس چانسلر جی سی یوتعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری

وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے تعیناتی کی حتمی منظوری دی تعیناتی 4سال کے لیے کی گئی ہے،آج عہدے کا چارج سنبھالیں گے:ترجمان جی سی یونیورسٹی

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 27 اگست 2015 19:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) نامور ماہرِ طبیعات پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ کا بطور وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔آج عہدے کا چارج سنبھالیں گے ۔نوٹیفیکیشن وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ کی حتمی منظوری کے بعد شعبہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے جاری کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ کا شمار پاکستان کے نامور ماہرینِ طبیعیات میں ہوتا ہے ۔ان کے 110سے زائد تحقیقی مقالے نامور بین الاقومی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں جن کا امپیکٹ فیکٹر 175سے زائد ہے ۔ان کی تدریسی اور تحقیقی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے 2011ء میں انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا۔پروفیسر حسن اے شاہ نے 1985ء میں قائدِ اعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی،جبکہ آپ اٹلی برطانیہ اور روس کے نامور اداروں میں بھی تحقیقی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

پروفیسرڈاکٹر حسن اے شاہ نوبل انعام یافتہ پاکستا نی سائنسدان کے قائم کردہ بین الاقوامی ادارے آئی سی ٹی پی (اٹلی) میں بھی تحقیقی خدمات سرانجام دینے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر حسن امیر شاہ 2002ء میں جی سی یو نیورسٹی لاہور میں فزکس کے پروفیسر مقرر ہوئے اور 12برس تک اس تاریخی تعلیمی ادارے میں تدریسی ،تحقیقی اور ا نتظامی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔

9برس تک شعبہ فزکس کے صدر رہے ،جبکہ بطور سربراہ یونیورسٹی ورکس کمیٹی جی سی یو کے ترقیاتی پراجیکٹس کی رہنمائی اور نگرانی بھی کی۔آپ کی زیرِ نگرانی 11سے زائد طلباء پی ایچ ڈی کی سطح پر تحقیق مکمل کر کے ڈاکٹریٹ آف فلاسفی ان فزکس کی ڈگری حاصل کر چکے ہیں ،جبکہ 5سکالرز ابھی بھی آپ کی زیرِ نگرانی پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر حسن اے شاہ کئی بین الاقوامی و قومی کانفرنسز میں جی سی یو کی نمائندگی کر چکے ہیں،جبکہ آپ جی سی یو کے علاوہ پنجاب یونیورسٹی اور ایف سی کالج سے بھی تدریسی و تحقیقی حوالے سے منسلک رہے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر حسن اے شاہ جی سی یونیورسٹی لاہور کی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے بانی صدر تھے اور اساتذہ کی فلاح و بہبود اور یونیورسٹی معاملات میں ان کی موثر شرکت کے حامی ہیں۔پروفیسر حسن اے شاہ پاکستان فزکس سوسائٹی اور پاکستان پلازما فزکس میں بھی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔پروفیسر حسن سے شاہ 12سال تک لگاتارجی سی یو ایڈوانس سٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے بھی ممبران رہے ہیں اور یونیورسٹی میں تحقیق کے فروغ کے لیئے بے حد کام کر چکے ہیں۔