وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکموں اوراداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت

متعلقہ وفاقی و صوبائی ادار ے اور انتظامیہ اجتماعی کاوشوں کے ذریعے متحرک اور فعال کردارادا کریں:وزیراعلیٰ

جمعرات 27 اگست 2015 19:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ محکمے اورادارے چوکس رہیں۔ لاہور، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں ڈینگی کے تدارک کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں اور ڈینگی سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ پلان پر موثر عملدر آمد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے- انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کے حوالے سے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد میں غفلت یا تساہل کی کوئی گنجائش نہیں لہٰذا متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں سمیت انتظامیہ اجتماعی کاوشیں بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات اٹھائیں اور ڈینگی سے نمٹنے کیلئے متحرک اور فعال کردارادا کریں۔

وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کو مربوط انداز میں کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان ڈور اور آوٴٹ ڈور سرویلنس پر بھر پور توجہ دی جائے اور نشیبی علاقوں میں کھڑے پانی کا فوری نکاس یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ جس ٹائرکی دکان سے لاروا ملے اس کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کیاجائے جبکہ ہوٹلوں اورریستورانوں کی چیکنگ کی جائے اورڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے عوام کی آگاہی کے لئے بھر پور مہم چلائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ادارے کو متحرک اور فعال کردار اد ا کرکے اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

متعلقہ عنوان :