پیپلز پارٹی نے ڈیرہ اسما عیل خان کے ساتھ موجودہ دور میں ہونے والی زیادتیوں کے خلاف سینیٹ میں آواز اٹھانے کافیصلہ کیا ہے،پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم خان کنڈی کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 27 اگست 2015 19:03

ڈیرہ اسما عیل خان ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء ) پیپلز پارٹی نے ڈیرہ اسما عیل خان کے ساتھ موجودہ دور میں ہونے والی زیادتیوں کے خلاف سینیٹ میں آواز اٹھانے کافیصلہ کیا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر فیصل کریم خان کنڈی نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ مسلم لیگ(ن) کی مرکزی حکومت ڈیرہ اسما عیل خان کے مقامی ایم این اے کی جانب سے ڈیرہ کے مسائل میں عدم دلچسپی کے باعث ڈیرہ والوں سے زیادتی کررہی ہے اور اس زیادتی پر رکن قومی اسمبلی مولانا فضل الرحمان کی خاموشی افسوس ناک ہے، انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے ڈیرہ اسما عیل خان ائیر پورٹ سے پروازوں کو بحال کیا، یہاں سے ہر ہفتہ پانچ پروازیں اسلام آباد، پشاور، ژوب اور کوئیٹہ کی ہوتی تھیں جن سے نہ صرف ڈیرہ اسما عیل خان کے ریونیو میں اضافہ ہورہا تھا بلکہ اس پورے علاقے کے مسافروں کو بھی سہولت تھی اور حج اور عمرہ کے لیئے پی آئی اے کی انٹر نیشنل فلائٹس کے مسافروں کو ڈیرہ اسما عیل خان سے پشاور اور اسلام آباد تک مفت پرواز بھی فراہم کی جاتی تھی، انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی حکومت کے خاتمہ کے بعد ایک سازش کے تحت ڈیرہ اسما عیل خان ائیر پورٹ سے پروازوں کے شیڈول اور روٹ میں کمی کی جاتی رہی اور اب ہفتہ میں صرف دو پروازوں ک ڈیرہ ائر پورٹ کو محدود کردیا گیا ہے جن میں سے اکثر فلائیٹ منسوخ بھی ہو جاتی ہے اور یوں اس زیادتی پر مقامی ممبران اسمبلی کی خاموشی افسوس ناک اور عوام دشمنی کے مترادف ہے، انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسما عیل خان میں پی پی پی نے سوئی گیس کے سب ریجنل دفتر کے قیام کا فیصلہ کیا تھا ، موجودہ حکومت نے اس منصوبہ کو بھی ختم کردیا، ہم نے ڈیرہ اسما عیل خان میں مرکزی حکومت کی جانب سے متعدد دفاتر کھلوائے تھے وہ بھی اب بند کر دئے گئے ہیں، اسی طرح ڈیرہ اسما عیل خان سے نیشنل بنک کا زونل دفتر بھی ختم کردیا گیا ہے اور مرکزمیں موجود ڈیرہ کے ایم این اے کی جانب سے اس معاملہ پر خاموشی انتہائی افسوس ناک ہے، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی شخصیت انتہائی قابل احترام ہے ان کا ملکی سیاست میں منفرد نام ہے مگر ان کی جانب سے ڈیرہ اسما عیل خان کے مسائل پر خاموشی اور یہاں ہونے والی زیادتیوں کو نہ روکنا ان کی شان کے خلاف اور ڈیرہ کی مٹی سے زیادتی کے مترادف ہے، انہوں نے کہا کہ اس صورت حال میں پاکستان پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ سینیٹ میں قرار داد پیش کی جائے گی جس میں ڈیرہ اسما عیل خان سے نیشنل بنک کے زونل دفتر کے خاتمہ، پی آئی اے کی پروازوں میں کمی، سوئی گیس کے سب ریجنل دفتر کے قیام کے معاملہ پر خاموشی اور مرکزی دفاتر کی ڈیرہ سے خاتمہ پر وضاحت طلب کی جائے گی اور اس زیادتی کے خاتمہ کا مطالبہ کیا جائے گا۔