نہری ڈھانچے کی بحالی اور دیکھ بھال کے لئے آبیانہ وصولی کا انتظام مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے‘ میاں یاور زمان

آبیانہ وصولی کے لئے کسان تنظیموں کو اپنے اختیارات استعمال کرنا ہو ں گے‘ صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا کی سینئر افسران سے گفتگو

جمعرات 27 اگست 2015 18:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء)صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ نہری ڈھانچے کی بحالی اور دیکھ بھال کے لئے آبیانہ وصولی کا انتظام مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے،آبیانہ وصولی کے لئے کسان تنظیموں کو اپنے اختیارات استعمال کرنا ہو ں گے۔یہ بات انہوں نے اپنے دفترمیں پیڈا کے سینئر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر کو پیڈا کے زیر انتظام چلنے والے ایریا واٹر بورڈز کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔ قبل ازیں پیڈا ہیڈ کوارٹر ز میں کسان تنظیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ایک بھی ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں جنرل مینجر (ایڈمنسٹریشن) چوہدری خاورنذیر ، جنرل مینجر(آپریشن) چوہدری اصغر حمید، ڈپٹی جنرل منیجر افضل انجم طور ، ڈپٹی جنرل منیجر (آپریشن) میاں عبدالرشید، ڈپٹی جنرل منیجر (سوشل موبلائزیشن) سید شائق حسین عابدی کے علاوہ تمام ایریاواٹر بورڈز کے چیرمین، چیف ایگزیکٹو ز اورمینجرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آبیانہ وصولی اور اس میں سے حکومتی شیئر کی سرکاری خزانے میں ادائیگی کے علاوہ ڈیفالٹرز کے خلاف کئے جانے والے اقدامات کی بابت شرکاء کو آگاہ کیا گیا ۔ اسی طرح پانی چوری اور اس کی روک تھام کے حوالے سے کسان تنظیموں کی کارکردگی خصوصی طور پر زیر بحث آئی۔ اجلاس میں ٹیلوں تک پانی کی مساویانہ ترسیل اور خشک ٹیلوں تک پانی کی فراہمی کے حوالے سے امور بھی زیر غور آئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کسان تنظیموں کے آڈٹ کے حوالے سے موثر لائحہ عمل جلد ترتیب دے دیا جائے گا تا کہ حکومتی خزانے کوکسی قسم کا مالی نقصان نہ پہنچ سکے ۔ بریفنگ کے دوران ڈیرہ جات ایریا واٹر بورڈمیں آبیانہ وصولی کی بڑھتی ہوئی شرح کو خصوصی طور پر سراہا گیا ۔اجلاس کو بتایا گیاکہ پیڈا کو سوشل موبلائزیشن کی کاوشوں کے باعث جنوبی پنجاب میں آبیانہ وصولی کے عمل میں خاطرخواہ بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔