دھرنوں کی شکل میں چین کی سرمایہ کاری کو روکنے کی کوشش کی گئی ‘شہبازشریف

دھرنوں کی سیاست والے اب چین کے تعاون سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں کیخلاف کوششوں کو کامیاب نہیں دیکھنا چاہتے وزیراعظم کی قیادت میں 16ماہ میں توانائی منصوبوں کی تعمیر میں جس تیزرفتاری سے کام ہوا ، اسکی نظیر ملکی تاریخ میں نہیں ملتی چینی صدرنے اسلام آباد میں تاریخی تقریر سے دنیا کو حیران کردیا،پوری دنیا کے اخبارات اورمیڈیا 46ارب ڈالر کے اعلان سے گونج اٹھے 2017ء تک چینی تعاون سے توانائی کے بڑے منصوبوں سے5ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی ‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا بیجنگ میں استقبالیہ سے خطاب

جمعرات 27 اگست 2015 18:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ چین نے اس وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان کیاجب پاکستان میں حالات سرمایہ کاری کیلئے ساز گار نہیں تھے لیکن دھرنوں کی شکل میں چین کی سرمایہ کاری کو روکنے کی کوشش کی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار بیجنگ میں ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال سمیت وزیراعلیٰ کے وفد کے دوسرے اراکین نے بھی استقبالیہ میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے صدرشی جن پنگ نے اسلام آباد میں اپنی تاریخی تقریر سے دنیا کو حیران کردیااورپوری دنیا کے اخبارات اورمیڈیا 46ارب ڈالر کے اعلان سے گونج اٹھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے دھرنوں کا ڈرامہ رچاکر ہمارے مخالفین نے کہا کہ ہم دیکھتے ہیں کہ چین پاکستان کی کس طرح مدد کرسکتا ہے،لیکن چینی قیادت نے پاکستان کے ساتھ دوستی کاحق بھر پور طریقے سے نبھایا۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے مخالفین کو چین نہیں آیا اوروہ کہتے ہیں کہ ہم دیکھیں گے کہ ان معاہدوں پر عملدر آمد کیسے ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ دھرنوں کی سیاست والے اب چین کے تعاون سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں کیخلاف کوششوں کو کامیاب نہیں دیکھنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواشریف کی قیادت میں 16ماہ کی قلیل مدت میں توانائی منصوبوں کی تعمیر میں جس تیزرفتاری سے کام ہوا ہے، اس کی نظیر ملک کی تاریخ میں نہیں ملتی۔

چین کی قیادت کی سنجیدگی کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ چینی سرمایہ کار کمپنیوں نے چینی بینکوں سے قرضوں کا انتظار کیے بغیر اپنے سرمائے سے توانائی کے منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام کاآغاز کردیا ہے اورہم چین کے تعاون پر مبنی منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے دن رات ایک کردیں گے،2017ء تک چینی تعاون سے توانائی کے بڑے منصوبوں سے5ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی جس سے اندھیرے دور ہوں گے۔

استقبالیہ میں چین کے مالیاتی اورتکنیکی اداروں کے اعلی حکام کے علاوہ بیجنگ میں مقیم پاکستانیوں نے بھی شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چین کے کامیاب دور ے کے بعد اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ نہایت نتیجہ خیز تھااوراس دورے کے بعدمنصوبوں کی رفتار میں اورتیزی آئے گی۔چینی قیادت اور عوام کی طرف سے ملنے والی پذیرائی ہمیشہ یاد رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اورتوانائی منصوبوں کو شفافیت تیز رفتاری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیاجائے گا- انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی مضبوط معاشی ‘ تجارتی تعلقات میں بدل چکی ہے اور چین کا تاریخی اقتصادی پیکیج پاکستان کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے۔ چین نے پاکستان کو تاریخی اقتصادی پیکیج دے کر جو احسان کیا ہے اسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

چین کے تعاون سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے سفر کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی تعاون پرمبنی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے جان لڑا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کو دنیا کی کوئی قوت گزند نہیں پہنچا سکتی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور ایگزم بینک آف چائنہ کی چیئرپرسن ہو ژیاؤلیان کے درمیان بیجنگ میں ملاقات ہوئی جس میں پاکستان میں چینی تعاون پر مبنی منصوبوں کیلئے وسائل کی بروقت فراہمی پر بات چیت کی گئی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان اور ایگزم بینک کے وائس چیئرمین لیو لیان جی بھی اس موقع پر موجود تھے۔