پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ بلوچستان سمیت پورے ملک کیلئے اہم ہے، مولانا عبدالحق ہاشمی

جمعرات 27 اگست 2015 18:35

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) جماعت اسلامی بلوچستان کے نائب امیرمولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ اسلحہ ڈالنے والے فراریوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے جامع پروگرام کی ضرورت ہے، پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ بلوچستان سمیت پورے ملک کے لیے اہم ہے،بلوچستان میں بدعنوانی روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا نے کی ضرورت ہے۔

جمعرات کو جماعت اسلامی میڈیا سیل سے جاری ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی بلوچستان کے نائب امیرمولانا عبدالحق ہاشمی نے اسلام آباد میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اسلحہ ڈالنے والے فراریوں کی بحالی کیلئے ایک بڑا پروگرام تشکیل دینے کی ضرورت ہے تا کہ انہیں قومی دھارے میں شامل کیا جا سکے یہ بات درست ہے کہ بلوچستان کی سول انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کے درمیان اس وقت بہترین کوآرڈینیشن موجود ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر فراری ہتھیار ڈال کر پہاڑوں سے واپس آرہے ہیں، حکومت کو چاہئے کہ وہ ایک جامع پروگرام تشکیل دے جس کے تحت ہتھیار ڈالنے والوں کو دوبارہ اس راستے پرجانے سے روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان جیسی وارداتیں کم ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ ماضی میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ زیادتی ہوئی اور انہیں ان کے جائز حق سے محروم کیا گیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بلوچستان میں بدعنوانی کو روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔

متعلقہ عنوان :