مرتضیٰ جاوید عباسی کا رشید گوڈیل کے صاحبزادے کو فون، رشید گوڈیل کی خیریت دریافت کی

جمعرات 27 اگست 2015 18:23

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) قومی اسمبلی کے قائم مقام سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل کی ٹیلی فون پر عیادت کی اور دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ انہیں جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔ قائم مقام سپیکر نے جمعرات کو رشید گوڈیل کے صاحبزادے کو ٹیلیفون کیا اور ان کے والد کی صحت کی تازہ ترین صورتحال پر بات کی۔

انہوں نے رشید گوڈیل کی بہادری اور ثابت قدمی کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف موقف کو سراہا اور کہا کہ رشید گوڈیل کی جمہوریت کے لئے بڑی خدمات ہیں، وہ ایک کہنہ مشق سیاستدان اور پارلیمنٹ کے سرگرم رکن ہیں جنہوں نے ہمیشہ اپنے حلقہ کے عوام کے لئے آواز بلند کی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ رشید گوڈیل جلد پارلیمنٹ میں واپس آ کر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

رشید گوڈیل کے صاحبزادے نے قائم مقام سپیکر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے والد کی صحت کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ان کی صحت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔ ڈاکٹروں نے انہیں بیرون ملک مزید علاج کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے قائم مقام سپیکر سے کہا کہ بیرون ملک علاج کے لئے ان کی مدد کریں۔ قائم مقام اسپیکر نے انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ضابطے کی تمام کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔