پرنسپل پی جی ایم آئی ڈاکٹر خالد محمود کی میرٹ کے برعکس تعیناتی کیخلاف درخواست پر حکومت پنجاب سے جواب طلب

جمعرات 27 اگست 2015 18:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر خالد محمود کی میرٹ کے برعکس تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت شرو ع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار ڈاکٹر عبدالمنان کی جانب سے موقف اختیا رکیا گیا کہ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر خالد محمود کو سنیارٹی لسٹ میں 20ویں نمبر پر ہونے کے باوجود سیاسی بنیادوں پر میرٹ کے برعکس تعینات کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خالد کو انتظامی امور کا تجربہ نہ ہونے کے باعث پی جی ایم آئی کے انتظامی معاملات درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ میرٹ کے برعکس ہونے والی تعیناتی سے میرٹ پر پورا اترنے والے اہل امیدواروں میں بے چینی پائی جا رہی ہے ۔لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ میرٹ کے برعکس تعینات ہونے والے پرنسپل خالد محمود کی تعیناتی کو کالعدم قرار دے کر اہل امیدوار کو اس عہدے پر تعینات کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔فاجل عدالت نے پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر تے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :